اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی سب سے اہم ترجیح غزہ میں جاری نسل کشی کی مہم کو فوری طور پر رکوانا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ وہ شرم الشیخ میں غزہ امن سربراہی کانفرنس کے بعد وطن واپسی پر اپنے خیالات قوم سے شیئر کر رہے ہیں۔
“شہباز شریف نے لکھا پاکستان کی اولین ترجیح غزہ پر مسلط کی گئی نسل کشی کو روکنا تھا۔ ہم نے برادر اسلامی ممالک کے ساتھ مل کر یہ موقف بارہا واضح کیا اور اسے مزید تقویت دی۔”
وزیراعظم نے کہا کہ “1967 سے پہلے کی سرحدوں پر قائم ایک خودمختار فلسطینی ریاست جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو، پاکستان کی مشرق وسطیٰ پالیسی کی بنیاد ہے اور یہ مؤقف آئندہ بھی برقرار رہے گا۔”
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان، فلسطینی عوام کی آزادی، وقار اور خوشحالی کو اپنی اولین ترجیح سمجھتا ہے۔
شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا:
“صدر ٹرمپ کے ساتھ ہمارا اظہار تشکر اس امید پر ہے کہ وہ اس نسل کشی کو روکنے کے اپنے وعدے کو پورا کریں گے۔ ہم ان کے امن کے لیے ادا کیے گئے منفرد کردار کو سراہتے رہیں گے۔”