انسداد پولیو مہم: انکاری بچوں کی ویکسی نیشن پر خصوصی توجہ، کمشنر کراچی کا کورنگی کا دورہ

فہرستِ مضامین

کراچی (14 اکتوبر) — شہر قائد میں انسداد پولیو مہم کے تحت انکاری بچوں کی ویکسی نیشن کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کورنگی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور یونین کونسل ناصر کالونی و حسرت موہانی کالونی میں جاری ویکسی نیشن مہم کا جائزہ لیا۔

کمشنر نے پولیو ٹیموں سے براہ راست ملاقات کی اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے پولیو ورکرز کو ایوارڈز دیے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ انسداد پولیو ایک قومی فریضہ ہے اور پولیو ورکرز قوم کی خدمت کر رہے ہیں، ان کی عزت افزائی ضروری ہے۔تین روزہ خصوصی مہم کے دوران چھ ہزار انکاری بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔

کمشنر نے بتایا کہ 13 اکتوبر سے قبل شہر میں 34 ہزار انکاری بچے موجود تھے جن کی ویکسی نیشن کے لیے بلدیاتی اداروں اور مختلف محکموں کے افسران پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

کمشنر نے خبردار کیا کہ پولیو ورکرز کے ساتھ توہین آمیز رویہ اختیار کرنے والے والدین کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر کورنگی کو ہدایت دی کہ ایسے افراد کی نشاندہی پر فوری ایکشن لیا جائے۔

پولیو ٹیموں نے کمشنر کو بتایا کہ بیشتر گھروں میں والدین نے مثبت رویہ اپنایا اور بچوں کو قطرے پلانے میں تعاون کیا، تاہم چند گھروں میں مرد ارکان نے عدم تعاون اور توہین آمیز رویہ اختیار کیا جس پر کمشنر نے سخت نوٹس لیا۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں