لاہور: آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے جمعۃ المبارک کے موقع پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کی ہدایت جاری کر دی۔
آئی جی پنجاب نے تمام ڈی پی اوز اور سینئر پولیس افسران کو ہدایت دی کہ مساجد، امام بارگاہوں، مزارات، مارکیٹوں اور حساس مقامات پر سیکیورٹی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کا قیام پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
ڈاکٹر عثمان انور نے حکم دیا کہ اہم مقامات کے گرد پٹرولنگ میں اضافہ کیا جائے جبکہ شاہراہوں اور کاروباری مراکز کے اطراف بھی سیکیورٹی مزید سخت کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ دفعہ 144 پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہ دی جائے۔
آئی جی پنجاب نے یہ بھی ہدایت کی کہ پولیس افسران نماز جمعہ کے بعد مساجد میں موجود رہیں اور شہریوں کے مسائل سنیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سینئر افسران مساجد کے ذریعے عوامی رابطہ بڑھائیں اور شہریوں کی دہلیز پر ان کے مسائل سن کر فوری حل نکالیں۔