راولپنڈی، 17 اکتوبر 2025: ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے امریکہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے امریکی بحری و سول قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں۔
دورے کے دوران ایڈمرل نوید اشرف نے امریکی ڈپٹی چیف آف نیول آپریشنز اور کوسٹ گارڈ کے وائس کمانڈنٹ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ نیول چیف نے واشنگٹن ڈی سی میں واقع نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا بھی دورہ کیا، جہاں یونیورسٹی کے صدر وائس ایڈمرل پیٹر اے گارون سے ملاقات ہوئی۔
ملاقاتوں میں پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی، تربیت اور میری ٹائم تعاون پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ایڈمرل نوید اشرف نے امریکی محکمہ خارجہ کا دورہ بھی کیا اور سیاسی و عسکری امور کے ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری سٹینلے ایل براؤن سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ سیکیورٹی تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور زیرِ بحث آئے۔
دورے کے دوران نیول چیف نے امریکی تھنک ٹینکس اور اسکالرز سے بھی خطاب کیا، جس میں انہوں نے علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی چیلنجز اور مشترکہ عالمی میری ٹائم کوششوں میں پاکستان نیوی کے کردار پر روشنی ڈالی۔
ترجمان کے مطابق نیول چیف کا یہ دورہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان دفاعی روابط اور میری ٹائم سیکیورٹی کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔