اسلام آباد: وزارتِ خارجہ پاکستان کے مطابق ایک اعلیٰ سطحی وفد وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف کی سربراہی میں آج قطر کے دارالحکومت دوحہ میں افغان طالبان حکومت کے نمائندوں سے اہم مذاکرات کرے گا۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات کا بنیادی مقصد افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف ہونے والی سرحد پار دہشت گردی کا خاتمہ اور پاک-افغان سرحد پر امن و استحکام کو یقینی بنانا ہے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ کسی قسم کی کشیدگی نہیں چاہتا، لیکن افغان قیادت پر زور دیتا ہے کہ وہ بین الاقوامی برادری سے کیے گئے وعدوں کی پاسداری کرے اور پاکستان کے سیکیورٹی خدشات کو سنجیدگی سے لے کر قابلِ تصدیق اقدامات کرے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان خاص طور پر ٹی ٹی پی (تحریک طالبان پاکستان) اور بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) جیسے دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتا ہے، جو پاکستان میں دہشت گردی کے متعدد واقعات میں ملوث رہے ہیں۔
وزارت خارجہ نے قطر کی ثالثی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ مذاکرات خطے میں پائیدار امن اور دوطرفہ تعلقات کی بہتری کی جانب مثبت پیش رفت ثابت ہوں گے۔