اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے قطر کے وزیرِ تجارت و صنعت شیخ فیصل بن ثانی بن فیصل الثانی نے ملاقات کی، جس میں دونوں برادر ممالک کے درمیان سرمایہ کاری، تجارتی تعاون اور اقتصادی شراکت داری کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
شیخ فیصل بن ثانی اس وقت پاکستان کے دورے پر ہیں، جہاں وہ پاکستان–قطر مشترکہ وزارتی کمیشن (JMC) کے چھٹے اجلاس کی شریک صدارت کر رہے ہیں۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور قطر کے درمیان مثبت اور پُراعتماد تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے تعلقات مشترکہ عقیدے، اقدار اور باہمی احترام کی بنیاد پر قائم ہیں۔ انہوں نے قطر کے ایک اہم علاقائی شراکت دار اور ثالث کے طور پر کردار کو بھی سراہا۔
وزیراعظم نے توانائی، زراعت، غذائی تحفظ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیاحت اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات پر روشنی ڈالی اور قطری سرمایہ کاروں کو اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کے تحت دستیاب سہولتوں سے استفادہ کرنے کی دعوت دی۔
قطری وزیرِ تجارت نے اپنی قیادت کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام دیتے ہوئے پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مشترکہ وزارتی کمیشن کا چھٹا اجلاس دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے باب کھولنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کی جانب سے علاقائی اور عالمی فورمز پر مستقل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور دوطرفہ و کثیرالجہتی سطح پر تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش ظاہر کی۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ باہمی تعاون کو عملی شکل دینے کے لیے تجارتی سہولتوں، کاروباری روابط اور سرمایہ کاری کے منصوبوں کو مزید فروغ دیا جائے گا۔