کراچی: محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب مشرقی بحیرہ عرب میں ڈپریشن موجود ہے جو 24 گھنٹوں میں شمال مشرق کی جانب حرکت کر چکا ہے۔ یہ سسٹم کراچی سے تقریباً 1340 کلومیٹر جنوب مشرق میں اور بھارتی علاقے لکشدیپ سے 340 کلومیٹر شمال مغرب میں واقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ فی الحال پاکستان کے کسی بھی ساحلی علاقے کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی کا موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، اور شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے۔
کراچی میں اس وقت ہوا میں نمی کا تناسب 46 فیصد ہے جبکہ شمال مشرق سے ہوائیں 7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔