ڈیفنس کراچی سے گرفتار گھریلو ملازم کروڑ پتی نکلا، چوری کی رقم سے فلیٹ اور پلاٹس خریدنے کا انکشاف

فہرستِ مضامین

کراچی میں ڈیفنس کے علاقے سے چوری کے الزام میں گرفتار گھریلو ملازم کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ کروڑوں روپے کا مالک نکلا۔ پولیس کے مطابق 45 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ پانے والے اس ملازم کے کروڑوں کے اثاثے اور 4 بینک اکاؤنٹس سامنے آئے ہیں۔

تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزم نے چوری کی رقم سے کراچی کے پوش علاقے میں فلیٹ، جبکہ ہری پور اور اسلام آباد میں قیمتی پلاٹس خرید رکھے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے بینک اکاؤنٹس بلاک کرانے اور ان کی ٹرانزکشنز کی مکمل تفصیلات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تفتیشی حکام کے مطابق ملزم کے بینک اکاؤنٹس سے ایک کروڑ 86 لاکھ روپے کی ٹرانزکشن کے شواہد ملے ہیں۔ اس کے علاوہ ملزم کی نشاندہی پر سونے کی وہ اشیاء بھی برآمد کی گئیں جن کی مجموعی مالیت تقریباً سوا کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے چوری کی رقم سے ایک مسافر وین بھی خرید رکھی تھی جو اسلام آباد اور ہری پور کے درمیان چلتی ہے۔

تحقیقات سے پتہ چلا کہ ملزم کو کراچی ڈیفنس کے رہائشی ایک معمر جوڑے نے 8 سال قبل ملازمت پر رکھا تھا۔ اس دوران اس نے جوڑے کا اعتماد حاصل کیا اور بینک اکاؤنٹس، لاکرز سمیت گھر کے ہر حصے تک رسائی حاصل کر لی۔

پولیس کے مطابق بزرگ جوڑے کے بیرون ملک مقیم بیٹے اور بیٹی کی جانب سے ہر ماہ بھاری رقم بھیجی جاتی تھی۔ شوہر کے انتقال کے بعد ملزم معمر خاتون کی دیکھ بھال کرتا رہا، اور اسی دوران اس نے رقم چرانا شروع کر دی — جس کا اس نے تفتیش میں اعتراف بھی کر لیا۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں