ملک بھر میں ایم ڈی کیٹ 2025 کے امتحان کا انعقاد، سخت سیکیورٹی انتظامات، ہزاروں امیدوار شریک

فہرستِ مضامین

میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلوں کے لیے ملک بھر میں ایم ڈی کیٹ 2025 کے امتحان کا آغاز ہوگیا۔ امتحانی مراکز کے اطراف میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے جبکہ پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔ طبی و انتظامی حکام بھی موقع پر موجود ہیں۔

ذرائع کے مطابق ملک کے 188 سرکاری و نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلوں کے لیے ایم ڈی کیٹ کا انعقاد کیا گیا ہے۔ اس سال ملک بھر میں 35 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں جبکہ ایک بین الاقوامی مرکز سعودی عرب کے شہر ریاض میں قائم کیا گیا ہے۔ پنجاب میں 46، سندھ میں 17، خیبرپختونخوا میں 11، آزاد کشمیر اور بلوچستان میں ایک ایک نجی میڈیکل کالج فعال ہیں۔ اسی طرح خیبرپختونخوا میں 6، پنجاب میں 25 اور سندھ میں 12 نجی ڈینٹل کالجز کام کر رہے ہیں۔

ایم ڈی کیڈ ٹیسٹ کے لئیے اسلام آباد میں دو سینٹر بنائے گِئے ہیں۔ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ اسلام آباد کے لئے دو سینٹر شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی پمز بلڈنگ میں اور بحریہ یونیورسٹی میں بنایاگیا ہے۔

امتحانی عمل کے دوران سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ پرچے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی نگرانی میں امتحانی مراکز تک پہنچائے گئے۔ امتحان کے لیے 3,263 اسکول اساتذہ بطور نگران، 165 ہائر ایجوکیشن اساتذہ سپرنٹنڈنٹ اور 347 ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ تمام عملے کی تعیناتی سپیشل برانچ کی منظوری سے کی گئی۔

ایم ڈی کیٹ صبح 10 بجے شروع ہوا جبکہ امیدوار صبح 8 بجے سے مراکز پر پہنچنا شروع ہوگئے۔ 9 بجے کے بعد داخلہ بند کر دیا گیا۔ نقل کی روک تھام کے لیے امیدواروں کی سخت تلاشی، واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹر سے جانچ کی گئی۔

امتحانی مراکز پر شہری دفاع، محکمہ صحت، ریسکیو 1122، نادرا اور فائر بریگیڈ کا عملہ تعینات ہے، جبکہ والدین کے لیے ضلعی انتظامیہ نے بیٹھنے کے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ امتحان کی مانیٹرنگ محکمہ صحت، ڈپٹی کمشنرز، میڈیکل اداروں کے وائس چانسلرز، پرنسپلز اور پی ایم ڈی سی کے نمائندے کر رہے ہیں۔

امیدواروں کو ٹیسٹ کے بعد سوالیہ پرچہ ساتھ لے جانے کی اجازت دی گئی ہے، جبکہ وہ اپنے جوابی فارم کی کاربن کاپی کے ذریعے خود اسکورنگ کر سکیں گے۔ امیدوار شام 6 بجے تک کسی بھی اعتراض کے لیے آن لائن پورٹل استعمال کر سکتے ہیں، اور یو ایچ ایس رات 10 بجے جوابی کلید جاری کرے گا۔ ایم ڈی کیٹ کا آفیشل نتیجہ ایک ہفتے میں جاری کیا جائے گا۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں