اسلام آباد میں آر ایل این جی گیس کنکشنز کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا گھریلو صارفین کے لیے گیس کنیکشنز اہم تقاضا تھا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت نے ملک بھر میں گھریلو صارفین کے لیے گیس کنیکشنز کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ 2022 میں پی ڈی ایم حکومت کے دوران گیس کی فراہمی ایک بڑا چیلنج تھا، عوام کا یہ اہم مطالبہ تھا کہ گیس کنیکشنز کا اجرا کیا جائے لیکن اس وقت گیس دستیاب نہیں تھی اس لیے عوام سے معذرت کرنا پڑی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نئے گیس کنیکشنز کے لیے لاکھوں درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، آج گیس کنیکشنز کی بحالی سے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا ہو گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 2013 میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 20 گھنٹے سے زائد تھا، مسلم لیگ ن کی حکومت نے ملک سے اندھیروں کے خاتمے کیلئے خصوصی اقدامات کیے، ہم نے شبانہ روز محنت کرکے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔