اسلام آباد: انسدادِ دہشتگردی عدالت نے پاکستان تحریکِ انصاف کی رہنما علیمہ خان کے پانچویں مرتبہ ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ علیمہ خان کے شناختی کارڈ، پاسپورٹ اور بینک اکاؤنٹس پہلے ہی بلاک کرنے کے احکامات دیے جا چکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، عدالت میں 26 نومبر کے احتجاج کے مقدمے کی سماعت ہوئی جس میں علیمہ خان سمیت 11 ملزمان نامزد ہیں۔ تاہم علیمہ خان آج بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئیں اور ان کا کوئی وکیل بھی عدالت میں موجود نہیں تھا۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ ملزمہ مسلسل غیرحاضر ہیں، جس کے باعث پانچویں مرتبہ ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، عدالت نے پہلے ہی نادرا، پاسپورٹ امیگریشن اور اسٹیٹ بینک کو علیمہ خان کے شناختی کارڈ، پاسپورٹ اور بینک اکاؤنٹس بلاک کرنے کا حکم دیا تھا، جبکہ اب ان اداروں سے رپورٹس بھی طلب کر لی گئی ہیں۔