گورنر خیبرپختونخوا کا وزیراعظم سے گندم کی بین الصوبائی ترسیل پر پابندیاں ختم کرانے کا مطالبہ

فہرستِ مضامین

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم شہباز شریف سے گندم کی بین الصوبائی ترسیل پر عائد مبینہ ’غیر آئینی پابندیوں‘ کے خلاف فوری مداخلت کی درخواست کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں گورنر نے کہا کہ ایسی پابندیاں نہ صرف صوبے کے غذائی تحفظ کو متاثر کرتی ہیں بلکہ آئین میں درج معاون وفاق کے تصور کے بھی منافی ہیں۔ فیصل کریم کنڈی نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں یہ معاملہ جلد حل کر لیا جائے گا۔

گورنر خیبرپختونخوا نے وزیراعظم کو ارسال کردہ خط بھی ایکس پر شیئر کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ گندم کی ترسیل پر پابندیاں سنگین تشویش کا باعث ہیں کیونکہ خیبرپختونخوا گندم کے لحاظ سے خود کفیل صوبہ نہیں ہے اور اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے دیگر صوبوں سے آنے والی گندم پر انحصار کرتا ہے۔

خط میں مزید کہا گیا کہ یہ پابندیاں آئین کے آرٹیکل 151 کی خلاف ورزی ہیں، جو صوبوں کے درمیان تجارت اور نقل و حرکت کی آزادی کی ضمانت دیتا ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے خبردار کیا کہ گندم کی فراہمی میں رکاوٹ سے مصنوعی قلت، قیمتوں میں اضافہ اور عوامی مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں، جس کے نتیجے میں عوامی ناراضی جنم لے سکتی ہے۔

انہوں نے وزیراعظم سے درخواست کی کہ متعلقہ حکام کو ہدایت دی جائے کہ پابندیاں ختم کر کے خیبرپختونخوا میں گندم کی بلا رکاوٹ ترسیل کو یقینی بنایا جائے۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں پنجاب حکومت کو خیبرپختونخوا اور سندھ کی جانب سے اس الزام پر تنقید کا سامنا ہے کہ اس نے دونوں صوبوں کے لیے گندم کی ترسیل روک رکھی ہے۔ تاہم پنجاب کی وزیرِ اطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ گندم کی نقل و حرکت پر کوئی پابندی نہیں، اور اس حوالے سے پھیلائی جانے والی اطلاعات “پروپیگنڈہ مہم” اور حقائق کے منافی ہیں۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں