کراچی: سندھ ہائی کورٹ میں تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) پر پابندی کے خلاف درخواست دائر کی گئی ہے۔ درخواست شاہ فیصل ٹاؤن کے رہائشی رضوان احمد صوفی کی جانب سے دائر کی گئی، جس میں وفاقی وزارت داخلہ، چیف سیکرٹری پنجاب اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ تحریک لبیک پر پابندی غیر آئینی ہے اور پرامن احتجاج کرنے والی کسی بھی جماعت پر پابندی نہیں لگائی جا سکتی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ ٹی ایل پی نہ تو دہشت گرد جماعت ہے اور نہ ہی اس نے کسی قسم کی دہشت گردی کی ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ ٹی ایل پی نے فلسطین کے حق میں اور اسرائیل کے خلاف ریلیاں نکالی تھیں، جس پر اس کے ہزاروں کارکن بلاوجہ گرفتار کیے گئے۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ گرفتار کارکنان کو رہا کیا جائے اور جماعت پر لگائی گئی پابندی کالعدم قرار دی جائے۔