بلاول بھٹو زرداری کا سچائی اور جمہوریت کی خاطر اپنی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والے صحافیوں کو خراج تحسین

فہرستِ مضامین

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے صحافیوں کے خلاف جرائم کی روک تھام کے عالمی دن پر پیغام میں کہا کہ سچائی اور جمہوریت کے لیے اپنی جانیں خطرے میں ڈالنے والے صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو تشدد، دھمکیوں یا انصاف سے محروم کر کے خاموش کرنا صرف افراد پر نہیں، بلکہ جمہوریت پر حملہ ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کے زیر تسلط مقبوضہ کشمیر اور غزہ میں اسرائیلی قابض افواج کے ہاتھوں صحافیوں پر مظالم کی بھی شدید مذمت کی اور کہا کہ یہ انسانی تاریخ کے شرمناک ابواب ہیں۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قائد عوام اور محترمہ بینظیر بھٹو کے جمہوری وژن کی روشنی میں پیپلز پارٹی کی آزادیٔ صحافت کے عزم کو دہرایا اور کہا کہ تاریخ کے بدترین میڈیا ٹرائل کے باوجود پارٹی نے ہمیشہ آزادیٔ صحافت کا علم بلند رکھا ہے۔

انہوں نے عوام سے عہد کرنے کی اپیل کی کہ ہم اُن بہادر صحافیوں کو سلام پیش کریں جو سچائی کے علمبردار ہیں اور ان کے حقوق کا دفاع کریں، تاکہ ایسا پاکستان تعمیر ہو جہاں صحافی آزادی، وقار اور امید کے ساتھ کام کر سکیں۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں