سندھ کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو گئی ہے، جبکہ گندم سمیت دیگر فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
کراچی، نواب شاہ، لاڑکانہ، قمبر، جیکب آباد، قبو سعید خان، قاضی احمد اور سجاول جونیجو سمیت کئی شہروں اور علاقوں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش ہو رہی ہے۔
بارش کے باعث سرھاڑی، سکرنڈ، جام صاحب، ہالانی اور جھوک شریف سمیت مختلف علاقوں میں گندم، سرسوں اور دیگر فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
دوداپور، کنڈیارو، تلہار، ٹنڈوباگو، اور تھانہ بولا خان سمیت دیگر علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
مسلسل بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا ہے، جس سے شہری زندگی متاثر ہوئی ہے، کئی شہروں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے، جبکہ مواصلاتی نظام بھی درہم برہم ہو گیا ہے۔
زرعی ماہرین کے مطابق اس وقت گندم کی پکی ہوئی فصل کے لیے مسلسل بارش نہایت نقصان دہ ہے، کیونکہ اس سے پیداوار کم ہونے کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ چند دنوں تک وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، لہٰذا عوام کو احتیاط کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے