ایک کروڑ سے زائد ایرانی وطن پر جان قربان کرنے کے لیے تیار ہیں: ایرانی صدر

فہرستِ مضامین

ایرانی صدر مسعود پزشکیاں کا کہنا ہے کہ ایک کروڑ 40 لاکھ سے زائد ایرانی وطن کے دفاع میں رضاکارانہ طور پر جان قربان کرنے کے لیے تیار ہونے کا اعلان کر چکے ہیں۔

ایکس پر ٹویٹ کرتے ہوئے ایرانی صدر مسعود پزشکیاں نے کہا کہ وہ خود بھی ایران کے لیے قربانی دینے والوں میں شامل ہیں اور رہیں گے۔

یاد رہے کہ ایران نے عارضی جنگ بندی مسترد کرتے ہوئے اپنے مطالبات پیش کر دیے ہیں۔

ایران نے عارضی جنگ بندی کو رد کرتے ہوئے تنازع کے مستقل خاتمے، پابندیوں کے خاتمے اور حملوں میں ہونے والے نقصانات کے ازالے کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری جانب ایران نے امریکی تجویز پر اپنا ردعمل پاکستان کو بھیج دیا ہے، اور ایک سینئر ایرانی عہدیدار نے پاکستان کی جانب سے جنگ بندی کی تجویز موصول ہونے کی تصدیق بھی کی ہے۔

ادھر کچھ دیر قبل ایران کے وزیر داخلہ کا بیان سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایک کروڑ 20 لاکھ ایرانیوں نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف لڑنے کے لیے خود کو رجسٹرڈ کروا لیا ہے۔

ایرانی وزیر داخلہ کے مطابق، 10 دن پہلے عوام سے کہا گیا تھا کہ وہ ملک کی خودمختاری کو یقینی بنانے کے لیے ایرانی فوج میں شامل ہوں، جس پر بھرپور ردعمل سامنے آیا اور 12 ملین افراد نے 10 دن کے اندر خود کو رجسٹرڈ کروا لیا، جبکہ یہ سلسلہ جاری ہے۔

ایرانی میڈیا نے اس حوالے سے ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے، جس میں سیستان سے تعلق رکھنے والے افراد کو ایران کے لیے لڑنے کے لیے تیار ہوتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں