ایرانی سرکاری ذرائع کے مطابق ایران کی مجلسِ شوریٰ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف اور پاکستان کی مسلح افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے درمیان تہران میں ایک اہم ملاقات ہوئی، جس میں خطے کی سلامتی، باہمی دفاعی تعاون اور جاری سفارتی کوششوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان، ایران اور امریکا کے درمیان رکے ہوئے مذاکراتی عمل کو دوبارہ فعال بنانے کے لیے کردار ادا کر رہا ہے۔ اسی سلسلے میں فیلڈ مارشل عاصم منیر ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ بدھ کے روز تہران پہنچے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق تہران کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی اور دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا خیرمقدم کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ دورہ ثالثی کی کوششوں کا حصہ ہے اور پاکستانی وفد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت دیگر اعلیٰ شخصیات بھی شامل ہیں۔
تہران پہنچنے کے فوراً بعد فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی وزیر خارجہ کی سربراہی میں ایک وفد سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے نمائندوں نے ایران اور امریکا کے درمیان آئندہ ممکنہ مذاکراتی مرحلے پر غور کیا۔
اس نشست میں وزیر داخلہ محسن نقوی اور دیگر ایرانی حکام بھی شریک تھے، جہاں فریقین نے مستقبل میں مذاکرات کے دوسرے دور کے امکانات اور اس کی راہ ہموار کرنے سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا۔