آئی فون 18 پرو اور فولڈ ایبل فون کے رنگوں کی ممکنہ جھلک سامنے آ گئی

فہرستِ مضامین

ٹیکنالوجی حلقوں میں ایک نئی افواہ گردش کر رہی ہے جس میں کہا جا رہا ہے کہ ایپل اپنے آئندہ فلیگ شپ اسمارٹ فونز کو ایک منفرد رنگ میں پیش کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق آئی فون 18 پرو اور پرو میکس ماڈلز کے لیے روایتی سرخ کے بجائے گہرے چیری رنگ کا انتخاب زیر غور ہے، جو وائن جیسا شیڈ رکھتے ہوئے ڈیوائس کو زیادہ پُرکشش اور اعلیٰ معیار کا تاثر دے سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ معلومات سپلائی چین سے وابستہ ایک نامعلوم ذریعے کے ذریعے سامنے آئی ہیں، تاہم کمپنی کی جانب سے اس حوالے سے کوئی تصدیق نہیں کی گئی۔

رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایپل اس سال ستمبر میں اپنے نئے آئی فونز کے ساتھ پہلا فولڈیبل فون بھی متعارف کرا سکتا ہے۔ اس ڈیوائس کے نام کے بارے میں تاحال حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا، تاہم مختلف ناموں پر قیاس آرائیاں جاری ہیں۔

مزید کہا جا رہا ہے کہ کمپنی دیگر رنگوں جیسے ہلکا نیلا، گہرا سرمئی اور چاندی رنگ پر بھی غور کر رہی ہے، جبکہ اس بار مکمل سیاہ رنگ شامل نہ ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جو ماضی کی اطلاعات سے مختلف ہے۔

فولڈیبل فون کے لیے محدود رنگوں کی پیشکش متوقع ہے، جن میں چاندی مائل سفید اور گہرے نیلے رنگ کو ترجیح دی جا سکتی ہے۔

یاد رہے کہ ایپل ہر سال اپنے نمایاں فونز کے رنگوں میں جدت لاتا ہے، اور گزشتہ برس متعارف کرایا گیا کاسمک اورینج رنگ صارفین میں خاصا مقبول رہا تھا۔

تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ ان تمام خبروں کو حتمی قرار دینا قبل از وقت ہوگا، کیونکہ ابھی تک ایپل نے کسی بھی نئے فیچر یا رنگ کی باضابطہ توثیق نہیں کی ہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں