افغانستان کے سٹار لیگ سپنر راشد خان کا انکشاف

فہرستِ مضامین

افغانستان کرکٹ ٹیم کے عالمی شہرت یافتہ لیگ اسپنر راشد خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں دو ممالک کی جانب سے شہریت اور ان کی قومی ٹیم کے لیے کرکٹ کھیلنے کی بڑی پیشکش کی گئی تھی، مگر انہوں نے دونوں پیشکشوں کو صاف انکار کر دیا۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، راشد خان نے یہ دلچسپ انکشاف اپنی سوانح حیات “Rashid Khan: From Streets to Stardom” میں کیا ہے۔

راشد خان نے بتایا کہ 2023 کے آئی پی ایل سیزن کے دوران جب وہ بھارت میں تھے تو ایک ٹیم آفیشل نے انہیں بتایا کہ انڈین کرکٹ ٹیم کے ایک سینئر عہدیدار ان سے ملنا چاہتے ہیں۔ راشد ملاقات کے لیے گئے۔

انہوں نے کہا:
“بات چیت شروع ہوئی تو انہوں نے مجھ سے کہا کہ ‘تمہارے ملک افغانستان کے حالات بہت خراب ہیں، تم بھارت آ جاؤ۔ ہم تمہیں تمام ضروری بھارتی دستاویزات اور شہریت فراہم کر دیں گے۔ یہاں رہو اور بھارت کی طرف سے کرکٹ کھیلو’۔”

راشد خان نے مزید بتایا:
“ان کی یہ بات سن کر میں حیران رہ گیا اور کچھ سمجھ نہ آیا کہ کیا جواب دوں۔ میں نے مسکراتے ہوئے کہا، ‘بہت شکریہ! میں اپنے ملک افغانستان کے لیے ہی کھیلوں گا’۔”

راشد خان نے یہ بھی انکشاف کیا کہ انہیں آسٹریلیا کی جانب سے بھی اسی طرح کی پیشکش کی گئی تھی۔ انہوں نے دونوں ممالک کو صاف الفاظ میں جواب دیتے ہوئے کہا:

“اگر میں اپنے وطن افغانستان کی طرف سے نہیں کھیل سکتا تو میں کرکٹ ہی نہیں کھیلوں گا۔”

راشد خان کی اس وفاداری اور محبتِ وطن نے کرکٹ دنیا میں ایک بار پھر ان کی عزت میں اضافہ کر دیا ہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں