بالی ووڈ کی مشہور جوڑی رنویر سنگھ اور دیپکا پاڈوکون ایک بار پھر خوشخبری کے ساتھ خبروں کی زینت بن گئے ہیں، جہاں ان کے گھر دوسرے بچے کی آمد متوقع ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ خوشخبری جوڑے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک خوبصورت پوسٹ کے ذریعے اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کی، جس میں ان کی ننھی بیٹی بھی نظر آ رہی ہے۔ اگرچہ اس اعلان میں خوشی کا اظہار کیا گیا ہے، تاہم بچے کی پیدائش کے ممکنہ وقت کے بارے میں کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی۔
اس خبر کے منظرِ عام پر آتے ہی مداحوں اور شوبز حلقوں کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ سوشل میڈیا پر صارفین نے جوڑے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے آنے والے بچے کی جنس اور نام کے حوالے سے بھی مختلف قیاس آرائیاں شروع کر دیں۔ کچھ مداح یہ اندازے لگا رہے ہیں کہ اس بار گھر میں بیٹے کی آمد ہو سکتی ہے، جبکہ دیگر نے ممکنہ ناموں پر بھی بحث شروع کر دی۔
یاد رہے کہ دیپکا پاڈوکون اور رنویر سنگھ کا شمار بالی ووڈ کے سب سے مقبول اور بااثر جوڑوں میں ہوتا ہے، جنہوں نے اپنے کیریئر میں متعدد کامیاب فلموں سے انڈسٹری پر گہرا اثر چھوڑا ہے۔
دونوں کی محبت کا آغاز فلمی دنیا میں دوستی سے ہوا، جو وقت کے ساتھ مضبوط رشتے میں بدل گیا۔ یہ جوڑا 14 نومبر 2018 کو اٹلی میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوا، جبکہ ستمبر 2024 میں ان کے ہاں پہلی بیٹی کی پیدائش ہوئی جس کا نام “دعا” رکھا گیا۔
اب دوسرے بچے کی خبر ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دونوں اپنے اپنے کیریئر کے عروج پر ہیں۔ دیپکا پاڈوکون اس وقت شاہ رخ خان اور سہانا خان کے ساتھ فلم “کنگ” میں نظر آ رہی ہیں، جبکہ ایک بین الاقوامی پروجیکٹ کا بھی حصہ ہیں۔
دوسری جانب رنویر سنگھ بھی اپنی حالیہ کامیابیوں کے بعد مسلسل خبروں میں ہیں، خاص طور پر ان کی فلم “دھورندر” کی شاندار کامیابی اور اس کے سیکوئل “دھورندر 2” کی تیاری نے انہیں ایک بار پھر توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔
بالی ووڈ انڈسٹری کی مختلف شخصیات بھی اس خوشخبری پر جوڑے کو مبارکباد پیش کر رہی ہیں اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔