بلوچستان کی معدنی پٹی میں خونریزی، چاغی کی کانوں پر حملہ، 10 جانیں ضائع

فہرستِ مضامین

صوبہ بلوچستان کے ضلع چاغی میں واقع ایک مائننگ منصوبے پر مسلح افراد کے مہلک حملے میں کم از کم دس افراد جان کی بازی ہار گئے، جن میں نجی کمپنی کے ملازمین اور سکیورٹی اہلکار شامل ہیں، جبکہ ایک غیر ملکی باشندہ بھی ہلاک ہونے والوں میں شامل ہے۔

حکام کے مطابق یہ حملہ بدھ کی شام دالبندین سے تقریباً 120 کلومیٹر دور علاقے دریگون میں نیشنل ریسورسز لمیٹڈ کی سائٹ پر کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق چالیس سے زائد مسلح افراد موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں پر سوار ہو کر مختلف اطراف سے سائٹ میں داخل ہوئے اور اندھا دھند فائرنگ کے ساتھ راکٹ بھی داغے۔

ایک انتظامی افسر نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مرنے والوں میں سات مزدور اور تین سکیورٹی اہلکار شامل ہیں۔ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق کچھ ملازمین کو اغوا بھی کیا گیا ہے، تاہم اس کی سرکاری سطح پر تصدیق نہیں ہو سکی۔

پولیس ذرائع کے مطابق نجی سکیورٹی کمپنی کے اہلکاروں نے حملہ آوروں کا مقابلہ کیا، جس کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ حملہ آوروں نے ڈرلنگ مشینری، جنریٹرز اور دیگر آلات کو نذرِ آتش کر دیا، جبکہ ایک فیول ٹینک دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں کئی افراد جھلس کر موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

لاشوں اور زخمیوں کو دالبندین کے پرنس فہد ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں حکام کے مطابق دس لاشیں لائی گئیں۔ ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ سات افراد جھلسنے سے جبکہ تین گولیوں کا نشانہ بن کر ہلاک ہوئے۔ پانچ زخمیوں میں سے دو کو مزید علاج کے لیے کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔

حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ترکی سے تعلق رکھنے والا ایک ماہر بھی شامل ہے، جبکہ دیگر متاثرین کا تعلق سندھ، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور مقامی علاقوں سے بتایا جاتا ہے۔

واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ کمپنی نے بھی حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی اداروں نے فوری ردعمل دیا اور صورتحال کو کنٹرول میں لے لیا گیا ہے۔

تاحال کسی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی، تاہم ماضی میں ایسے واقعات میں بلوچ لبریشن آرمی اور بلوچ لبریشن فرنٹ جیسے علیحدگی پسند گروہوں کا نام سامنے آتا رہا ہے۔

یاد رہے کہ ضلع چاغی، جو افغانستان اور ایران کی سرحدوں سے متصل ہے، معدنی وسائل کے لحاظ سے نہایت اہم سمجھا جاتا ہے اور یہاں عالمی شہرت یافتہ ریکوڈک منصوبہ بھی واقع ہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں