تہران: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستان کا حالیہ دورہ مکمل کرنے کے بعد عمان روانگی اختیار کی ہے، تاہم سفارتی ذرائع کے مطابق وہ عمان کا دورہ مکمل کرنے کے بعد ایک بار پھر اسلام آباد کا رخ کریں گے۔
ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی آئی آر این اے نے وزارتِ خارجہ کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ عباس عراقچی روس روانگی سے قبل پاکستان میں مختصر قیام کریں گے، جہاں اہم سفارتی مشاورت متوقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایرانی وفد کے کچھ ارکان پہلے ہی تہران واپس پہنچ چکے ہیں تاکہ جاری تنازع اور ممکنہ جنگ بندی سے متعلق امور پر اعلیٰ سطحی مشاورت کی جا سکے، جبکہ باقی ارکان اتوار کی رات اسلام آباد میں وزیر خارجہ سے دوبارہ ملاقات کریں گے۔
واضح رہے کہ عباس عراقچی چند گھنٹے قبل ہی پاکستان کا دورہ مکمل کر کے عمان روانہ ہوئے تھے، جہاں ان کی اہم ملاقاتیں شیڈول ہیں۔
دورۂ پاکستان کے دوران ایرانی وزیر خارجہ نے عاصم منیر اور شہباز شریف سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں، جن میں خطے کی سیکیورٹی اور جاری کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے ان ملاقاتوں کو “انتہائی مفید” قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب یہ دیکھنا باقی ہے کہ امریکہ واقعی سفارت کاری کے ذریعے مسائل کے حل میں سنجیدہ ہے یا نہیں۔