لٹن داس کی سنچری کے باوجود پاکستان کا مضبوط آغاز

فہرستِ مضامین

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 21 رنز بنا لیے، جبکہ میزبان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 278 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

سلہٹ میں کھیلے جا رہے اس اہم مقابلے میں شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا، جو ابتدا میں پاکستان کے حق میں جاتا دکھائی دیا۔ پاکستانی بولرز نے بنگلہ دیشی بیٹنگ لائن پر دباؤ برقرار رکھا اور وقفے وقفے سے وکٹیں حاصل کرتے رہے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے سب سے نمایاں کارکردگی لٹن داس نے دکھائی، جنہوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 126 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 16 چوکے اور دو چھکے شامل تھے، جبکہ انہوں نے نچلے نمبروں کے بلے بازوں کے ساتھ اہم شراکتیں بھی قائم کیں۔

ابتدائی جھٹکوں کے بعد بنگلہ دیش ایک وقت میں 116 رنز پر چھ وکٹیں گنوا چکا تھا، تاہم لٹن داس کی مزاحمتی اننگز نے ٹیم کو 278 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

پاکستان کی طرف سے خرم شہزاد نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ محمد عباس نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ حسن علی کے حصے میں دو جبکہ ساجد خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں پاکستان نے محتاط انداز اپنایا اور دن کے اختتام تک بغیر کسی نقصان کے 21 رنز بنا لیے۔ اوپنرز اذان اویس 13 اور عبداللہ فضل آٹھ رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

پاکستان کو بنگلہ دیش کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لیے مزید 257 رنز درکار ہیں اور اس کی تمام 10 وکٹیں ابھی باقی ہیں۔

اس میچ میں بابر اعظم کی ٹیم میں واپسی بھی توجہ کا مرکز رہی، جو گھٹنے کی انجری کے باعث پہلا ٹیسٹ نہیں کھیل سکے تھے۔ دوسری جانب بنگلہ دیش نے نوجوان اوپنر تنزید حسن کو ٹیسٹ ڈیبیو کا موقع دیا۔

یاد رہے کہ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو 104 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کے بعد مہمان ٹیم اس وقت سیریز میں 0-1 سے پیچھے ہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں