مسجدِ نمرہ میں روح پرور خطبۂ حج، امامِ مسجد نبویؐ کی امتِ مسلمہ کو تقویٰ، صبر اور اتحاد کی تلقین

فہرستِ مضامین

مسجدِ نمرہ میں خطبۂ حج دیتے ہوئے مسجدِ نبویؐ کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر عبدالرحمٰن الحذیفی نے لاکھوں حجاج کرام کو تقویٰ، صبر، اتحاد اور آخرت کی تیاری کا درس دیتے ہوئے کہا کہ “اللہ کا تقویٰ اختیار کرنا ہر مسلمان پر لازم ہے، کیونکہ یہی آخرت میں نجات کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔”

یومِ عرفہ کے موقع پر میدانِ عرفات میں دیے گئے روح پرور خطبے میں انہوں نے کہا کہ انسان کو ہر وقت اللہ سے ڈرتے رہنا چاہیے اور یہ یاد رکھنا چاہیے کہ سب نے اسی کی طرف لوٹ کر جانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تقویٰ کا تقاضا یہ ہے کہ انسان نیک اعمال کرے، گناہوں اور برائیوں سے بچے اور قیامت کے دن کی تیاری میں مصروف رہے۔

شیخ عبدالرحمٰن الحذیفی نے اپنے خطبے میں قرآنِ کریم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ صبر کرنے والوں کو بے حساب اجر عطا فرماتا ہے، اس لیے ہر حال میں صبر اور اللہ کی نعمتوں پر شکر ادا کرنا مومن کی شان ہے۔

توحید اور خالص عبادت پر زور

خطبۂ حج میں امامِ مسجد نبویؐ نے کہا کہ آخرت کی کامیابی کا سب سے عظیم راستہ توحید ہے، یعنی صرف اللہ کی عبادت کی جائے اور اسی سے مدد طلب کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر سے آنے والے لاکھوں عازمینِ حج طویل اور دشوار راستے طے کر کے صرف اللہ کی رضا اور اس کے اجر و ثواب کے حصول کے لیے یہاں پہنچے ہیں۔

حج امتِ مسلمہ کے اتحاد کی علامت

شیخ ڈاکٹر عبدالرحمٰن الحذیفی نے کہا کہ حج ایسا عظیم اجتماع ہے جہاں زبان، رنگ، نسل اور ممالک مختلف ہونے کے باوجود تمام مسلمان بھائی بھائی بن جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میدانِ عرفات اور دیگر مقدس مقامات پر مسلمانوں کے درمیان محبت، یکجہتی، تعاون اور ہم آہنگی کے خوبصورت مناظر دیکھنے کو ملتے ہیں، جو اسلام کی حقیقی روح کی عکاسی کرتے ہیں۔

سیاسی نعروں اور جھگڑوں سے اجتناب کی ہدایت

امامِ مسجد نبویؐ نے حجاج کرام کو نصیحت کی کہ وہ حج کے دوران سکون، نرمی اور نظم و ضبط کو برقرار رکھیں اور انتظامیہ کی ہدایات پر مکمل عمل کریں تاکہ جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور مناسکِ حج کی ادائیگی آسان ہو۔

انہوں نے واضح کیا کہ حج میں کسی قسم کے جھگڑے، شور شرابے یا سیاسی نعروں کی کوئی گنجائش نہیں، کیونکہ حج دراصل اللہ کے سامنے عاجزی اختیار کرنے، نبی کریم ﷺ کی سنت کی پیروی کرنے، پاکیزگی اپنانے اور دوسروں کے حقوق کا احترام کرنے کا نام ہے۔

امتِ مسلمہ اور سعودی قیادت کے لیے خصوصی دعائیں

خطبے کے اختتام پر شیخ عبدالرحمٰن الحذیفی نے امتِ مسلمہ کے اتحاد، امن اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مسلمانوں کے حالات بہتر فرمائے، انہیں حق پر متحد کرے اور ان کے دینی و دنیاوی معاملات آسان بنائے۔

انہوں نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے بھی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ انہیں دنیا و آخرت میں بہترین اجر عطا فرمائے، کیونکہ انہوں نے حجاج کرام کی خدمت اور حرمین شریفین کی دیکھ بھال کے لیے غیر معمولی اقدامات کیے ہیں۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں