گول کیا، میچ جتوایا اور مین آف دی میچ کا انعام پانچ درجن انڈے!

فہرستِ مضامین

دنیا بھر میں کھلاڑی شاندار کارکردگی کے بدلے لاکھوں ڈالر، لگژری گاڑیاں یا قیمتی ٹرافیاں حاصل کرتے ہیں، مگر افریقی ملک زیمبیا کے ایک فٹبالر کو “مین آف دی میچ” بننے پر ایسا انعام ملا جس نے سوشل میڈیا صارفین کو حیران بھی کر دیا اور مسکرانے پر بھی مجبور کر دیا۔

زیمبیا سپر لیگ کے اسٹرائیکر کینیڈی موسونڈا نے اپنی ٹیم پاور ڈائناموز کی جانب سے کھیلتے ہوئے نکانا کے خلاف فیصلہ کن گول اسکور کیا اور ٹیم کو 0-1 سے کامیابی دلائی۔ شاندار کھیل کے اعتراف میں انہیں روایتی ٹرافی یا نقد انعام کے بجائے پانچ کریٹ انڈے پیش کیے گئے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ موسونڈا کو گول کرنے پر دو کریٹ اور “پلیئر آف دی میچ” قرار پانے پر مزید تین کریٹ انڈے دیے گئے۔ یوں وہ میدان سے پانچ کریٹ انڈوں کے ساتھ رخصت ہوئے۔

ایوارڈ تقریب کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سپانسرز کھلاڑی کو انڈے پیش کرتے ہوئے ان کی کارکردگی کو سراہتے ہیں اور مزید محنت کی تلقین کرتے ہیں۔ اس موقع پر ٹیم کے دیگر کھلاڑی خوشگوار موڈ میں تالیاں بجاتے اور مسکراتے دکھائی دیتے ہیں۔

موسونڈا نے بھی انوکھے انعام کو خوش دلی سے قبول کیا اور اپنے ساتھیوں، کوچنگ اسٹاف اور کلب انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ ان کی انڈوں کے کریٹس کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔

یہ پہلا موقع نہیں جب کسی افریقی لیگ میں مین آف دی میچ کو غیر روایتی انعام ملا ہو۔ ماضی میں مختلف مقابلوں میں کھلاڑیوں کو زندہ مرغیاں، روٹیاں اور دیگر روزمرہ استعمال کی اشیا بھی بطور انعام دی جا چکی ہیں۔

سوشل میڈیا پر اس منفرد انعام پر دلچسپ تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔ بعض صارفین نے مذاقاً موسونڈا کی کارکردگی کو “Excellent” کے بجائے “Egg-cellent” قرار دیا، جبکہ کئی افراد کا کہنا تھا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے دور میں انڈے شاید کسی ٹرافی سے بھی زیادہ قیمتی تحفہ ہیں۔

کچھ صارفین نے اس انعام کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ محدود وسائل رکھنے والے کلبوں کے لیے یہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کا ایک عملی طریقہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیت اور حوصلہ افزائی کی اہمیت انعام کی قیمت سے کہیں زیادہ ہوتی ہے۔

دوسری جانب ناقدین کا خیال تھا کہ فٹبال ایسوسی ایشنز کو کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لیے مزید بہتر نظام متعارف کرانا چاہیے۔

جو بھی ہو، کینیڈی موسونڈا کے پانچ کریٹ انڈے اس وقت سوشل میڈیا پر کسی بڑی ٹرافی سے کم توجہ حاصل نہیں کر رہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں