ورلڈ کپ 2026: جب بھائی بنیں گے حریف، فٹبال میں خاندانی مقابلوں کی دلچسپ داستان

فہرستِ مضامین

فیفا ورلڈ کپ 2026 صرف دنیا کی بہترین فٹبال ٹیموں کی جنگ ہی نہیں ہوگا بلکہ اس بار ٹورنامنٹ میں کئی ایسی خاندانی کہانیاں بھی سامنے آئیں گی جو شائقین کی خصوصی توجہ حاصل کر رہی ہیں۔ حیران کن طور پر آٹھ بھائیوں کی جوڑیاں ورلڈ کپ کا حصہ بن رہی ہیں، جن میں سے نصف مختلف ممالک کے پرچم تلے میدان میں اتریں گی۔

برطانوی میڈیا رپورٹ کے مطابق اس عالمی ایونٹ میں کچھ ایسے بھائی بھی شامل ہیں جنہوں نے ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے کے باوجود الگ الگ قومی ٹیموں کا انتخاب کیا، جس سے ممکنہ طور پر دلچسپ اور جذباتی مقابلوں کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔

سب سے زیادہ توجہ ڈوئے برادران پر مرکوز ہے۔ بڑے بھائی گیلا ڈوئے آئیوری کوسٹ کی نمائندگی کر رہے ہیں جبکہ ان کے چھوٹے بھائی دیزیرے ڈوئے نے فرانس کا انتخاب کیا ہے۔ اگر دونوں ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے میں آمنے سامنے آئیں تو یہ مقابلہ فٹبال شائقین کے لیے یادگار لمحہ بن سکتا ہے۔

اسی طرح ولیمز برادران کی کہانی بھی منفرد ہے۔ ایناکھی ولیمز گھانا کی قومی ٹیم کے اہم کھلاڑی ہیں جبکہ ان کے بھائی نیکو ولیمز سپین کی نمائندگی کرتے ہیں اور یورو 2024 جیتنے والی ٹیم کا حصہ رہ چکے ہیں۔

گھانا کے دفاعی کھلاڑی ڈیرک لکاسن اور نیدرلینڈز کے فارورڈ برائن بروبی بھی ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں مگر مختلف ممالک کے لیے کھیل رہے ہیں۔ اسی طرح جان ساؤٹر اسکاٹ لینڈ جبکہ ان کے بھائی ہیری ساؤٹر آسٹریلیا کے لیے میدان میں اتریں گے۔

دوسری جانب کچھ بھائی ایک ہی قومی پرچم کے نیچے بھی نظر آئیں گے۔ فرانس کی ٹیم میں لوکاس اور تھیو ہرنانڈیز ایک ساتھ دفاعی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ نیدرلینڈز کی جانب سے کوئنٹن ٹمبر اور یورین ٹمبر کھیلیں گے جبکہ کیپ ورڈے کے لیے لاروس اور ڈیروئے دوارٹے بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ کیوراساؤ کی ٹیم میں لیانڈرو اور جونینو باکونا کی جوڑی بھی موجود ہوگی۔

رپورٹ کے مطابق مختلف ممالک کی نمائندگی کرنے والے تمام بھائی الگ الگ گروپس میں شامل ہیں، اس لیے گروپ مرحلے میں ان کے درمیان مقابلے کا امکان نہیں۔ تاہم اگر ان کی ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی حاصل کر لیں تو بھائیوں کا ایک دوسرے کے خلاف کھیلنے کا منفرد منظر دیکھنے کو مل سکتا ہے۔

ورلڈ کپ کی تاریخ میں خاندانی رشتوں کی ایسی مثالیں ہمیشہ شائقین کی دلچسپی کا مرکز رہی ہیں، لیکن 2026 کا ایڈیشن اس حوالے سے خاص اہمیت رکھتا ہے۔ اب سب کی نظریں اس بات پر ہوں گی کہ کیا قسمت ان بھائیوں کو ایک دوسرے کے مقابل لا کھڑا کرتی ہے یا نہیں، اور کیا ان میں سے کوئی جوڑی عالمی فٹبال کی تاریخ میں ایک نیا یادگار باب رقم کر پاتی ہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں