فیفا ورلڈ کپ 2026: ٹرمپ امریکی ٹیم کا افتتاحی میچ اسٹیڈیم میں نہیں دیکھیں گے

فہرستِ مضامین

امریکی ذرائع ابلاغ کی تازہ رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں امریکی قومی فٹ بال ٹیم کے افتتاحی میچ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

امریکی میڈیا اداروں، جن میں “پولیٹیکو” اور “دی ایتھلیٹک” شامل ہیں، نے باخبر ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ صدر ٹرمپ جمعے کو لاس اینجلس میں ہونے والے امریکہ اور پیراگوئے کے درمیان میچ دیکھنے اسٹیڈیم نہیں جائیں گے۔ تاہم وائٹ ہاؤس اور امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے ان اطلاعات کی تاحال نہ تو تصدیق کی گئی ہے اور نہ ہی تردید۔

دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اس تاریخی مقابلے میں شرکت کریں گے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق وہ ایک اعلیٰ سطحی وفد کی سربراہی کریں گے جس میں وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی اور ہوم لینڈ سکیورٹی سے متعلق اہم حکام بھی شامل ہوں گے۔

میچ کے موقع پر مارکو روبیو کی پیراگوئے کے صدر سانتیاگو پینیا سے ملاقات بھی متوقع ہے، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی سلامتی، تجارت، سرمایہ کاری اور جدید ٹیکنالوجی سمیت مختلف اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ امریکہ، میکسیکو اور کینیڈا مشترکہ طور پر فیفا ورلڈ کپ 2026 کی میزبانی کر رہے ہیں، جو ٹورنامنٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا ایڈیشن قرار دیا جا رہا ہے۔ پہلی بار 48 قومی ٹیمیں اس عالمی مقابلے میں حصہ لے رہی ہیں جبکہ فائنل تک مجموعی طور پر 104 میچز کھیلے جائیں گے۔

امریکی ٹیم اپنے گروپ مرحلے کے تین میچوں میں سے دو مقابلے کیلیفورنیا کے شہر انگلووڈ میں کھیلے گی۔ امریکہ کو گروپ مرحلے میں پیراگوئے، آسٹریلیا اور ترکیہ کی ٹیموں کا سامنا ہوگا۔

ادھر ورلڈ کپ 2026 کا باضابطہ آغاز جمعرات کو میکسیکو سٹی کے تاریخی ازٹیکا اسٹیڈیم میں میزبان میکسیکو اور جنوبی افریقہ کے درمیان افتتاحی میچ سے ہو رہا ہے، جس کے ساتھ ہی دنیا کے سب سے بڑے فٹ بال میلے کا آغاز ہو جائے گا۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں