سندھ حکومت نے مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں کراچی کو ترقیاتی سرگرمیوں کا مرکز قرار دیتے ہوئے شہر کے لیے 108 ارب روپے سے زائد کے فنڈز مختص کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق کراچی میں مجموعی طور پر 822 ترقیاتی منصوبے شامل ہیں، جن کی مجموعی تخمینی لاگت 644 ارب روپے سے زائد ہے۔
وزیراعلیٰ نے بجٹ تقریر میں کہا کہ کراچی کے لیے رواں مالی سال کے دوران 100 ارب 19 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ شہر میں 500 ملین روپے سے زائد لاگت کے 167 بڑے اور ایک ارب روپے سے زائد لاگت کے 110 میگا منصوبوں پر کام جاری ہے۔
بجٹ میں کراچی کے ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے لیے متعدد نئے منصوبے شامل کیے گئے ہیں۔ ایئرپورٹ روڈ سے اسٹار گیٹ تک نئے فلائی اوور، ملیر ہالٹ سے شارع فیصل تک انڈر پاس، گجر نالہ کراسنگ فلائی اوور، خیابان اتحاد اور خیابان شہباز پر نئے انڈر پاسز، اور ایم-9 و ابوالاصفہانی روڈ انٹرچینج جیسے منصوبوں کے لیے فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔
شہر میں پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے مسائل کے حل کو بھی بجٹ میں ترجیح دی گئی ہے۔ کے-فور منصوبے سے منسلک واٹر سپلائی سسٹم کی توسیع، ضلع شرقی اور وسطی کے واٹر پمپنگ اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن، مرکزی واٹر ٹرنک مین سسٹم کی مرمت، لیاری ایکسپریس وے کے ساتھ نئی واٹر سپلائی لائن اور گریٹر کراچی سیوریج پلان (S-III) کے لیے اربوں روپے مختص کیے گئے ہیں۔
صفائی ستھرائی اور ویسٹ مینجمنٹ کے شعبے میں بھی بڑے منصوبے شامل کیے گئے ہیں۔ کراچی میں 6 جدید گاربیج ٹرانسفر اسٹیشنز کے قیام، سالڈ ویسٹ ایمرجنسی اینڈ ایفیشنسی پروگرام، اور جام چاکرو و گوند پاس لینڈ فل سائٹس کی اپ گریڈیشن کے لیے فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔
ٹرانسپورٹ کے شعبے میں کراچی ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے کے لیے 13.2 ارب روپے جبکہ ییلو لائن بی آر ٹی کے لیے 3.5 ارب روپے سے زائد رکھے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ شاہراہ فیصل، ملیر ہالٹ اور اسٹار گیٹ کے اطراف ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے منصوبے بھی شامل ہیں۔
تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بھی کراچی کے لیے اہم منصوبے رکھے گئے ہیں۔ سندھ انفیکشس ڈیزیز اسپتال، نئے میڈیکل کالج، بلاول بھٹو انجینئرنگ کالج لیاری، شہید ذوالفقار علی بھٹو لا یونیورسٹی، کراچی ایجوکیشن کمپلیکس اور مختلف جامعات کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ این آئی سی وی ڈی میں بچوں کے امراض قلب یونٹ کے لیے 1.4 ارب روپے بھی رکھے گئے ہیں۔
بجٹ میں کراچی سیف سٹی پراجیکٹ، جدید فرانزک لیبارٹری، فائر بریگیڈ کی جدیدکاری، نئی اسٹریٹ لائٹس، کاروباری مراکز کی بہتری، ساحلی سڑک منصوبوں، اور لیاری ٹرانسفارمیشن پیکیج سمیت متعدد شہری ترقیاتی اسکیموں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ کراچی کے انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ، پانی، صفائی، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں جاری منصوبے شہر کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیے گئے ہیں، تاکہ ملک کے معاشی مرکز کو جدید شہری سہولیات سے آراستہ کیا جا سکے۔