حضرات کوئی بھی اپنے گھر سے بارہر نہ نکلے، امریکا میں یہ اعلان کیوں کیا گیا؟

فہرستِ مضامین

امریکہ کی ریاست ٹیکساس میں شہد کی مکھیوں کے چھتے ایک مقام سے دوسرے مقام منتقل کرنے والا ٹرک حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں 20 لاکھ سے زیادہ شہد کی مکھیاں آزاد ہو کر قریبی علاقے میں پھیل گئیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ مشرقی ٹیکساس کے علاقے موریسیولے کے قریب پیش آیا، جہاں مکھیوں کے چھتوں سے بھرا ایک بڑا کنٹینر اچانک الٹ گیا۔ حادثے کے دوران کنٹینر کو نقصان پہنچا اور اس میں موجود لاکھوں مکھیاں باہر نکل آئیں۔

مکھیوں کے جھنڈ فضا میں پھیلتے ہی پورے علاقے میں بھنبھناہٹ کی آوازیں گونجنے لگیں، جبکہ شہریوں کی جانب سے ایمرجنسی مراکز کو متعدد کالز موصول ہوئیں۔ صورتحال کو دیکھتے ہوئے مقامی انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے لوگوں کو گھروں میں رہنے اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کی۔

بعد ازاں ریسکیو اہلکار اور بی کیپرز خصوصی حفاظتی لباس پہن کر موقع پر پہنچے اور مکھیوں کو قابو میں لانے کے لیے آپریشن شروع کیا۔ حادثے میں ٹرک ڈرائیور معمولی زخمی ہوا جبکہ کئی چھتے بھی متاثر ہوئے۔

رپورٹس کے مطابق یہ کنٹینر ایک ہنی فارمنگ کمپنی کی ملکیت تھا اور چھتوں کو دوسری جگہ منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے میں حادثہ پیش آ گیا۔ سوشل میڈیا پر جاری تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بی کیپرز اور امدادی اہلکار مکھیوں کے گھنے جھنڈوں کے درمیان سامان محفوظ بنانے میں مصروف ہیں، جبکہ ہزاروں مکھیاں قریبی درختوں پر جمع ہیں۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ کھیتوں میں کام کرنے والے چند افراد کو مکھیوں نے ڈنک بھی مارے، تاہم انتظامیہ کی بروقت ہدایات کے باعث بڑی تعداد میں لوگ گھروں کے اندر ہی رہے۔ رہائشیوں کے مطابق علاقے میں ہر طرف مکھیوں کی بھنبھناہٹ سنائی دے رہی تھی۔

حکام کا کہنا ہے کہ خصوصی آلات کی مدد سے بڑی تعداد میں مکھیوں کو دوبارہ جمع کر لیا گیا ہے، تاہم کچھ جھنڈ اب بھی درختوں اور دیگر مقامات پر موجود ہیں جنہیں محفوظ طریقے سے واپس لانے کی کوششیں جاری ہیں۔ ایمرجنسی سروسز کے مطابق آپریشن مکمل ہونے کے بعد تمام سامان متعلقہ ہنی کمپنی کے حوالے کر دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی امریکہ میں سامان بردار ٹرکوں کے غیرمعمولی حادثات سامنے آ چکے ہیں۔ جون کے آغاز میں ریاست ٹینیسی میں آتش بازی کا سامان لے جانے والے ایک ٹرک میں آگ لگنے سے دھماکوں کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا، جبکہ ایک اور واقعے میں دودھ کے ٹینکر الٹنے سے برساتی نالے کا پانی دودھیا رنگ اختیار کر گیا تھا، جس نے مقامی لوگوں کو حیران کر دیا تھا۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں