وینزویلا میں زمین لرز اٹھی، چند منٹ میں دو بڑے زلزلوں نے تباہی مچا دی

فہرستِ مضامین

وینزویلا میں آنے والے طاقتور زلزلوں نے ملک بھر میں خوف و ہراس پھیلا دیا، جبکہ متعدد شہروں میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق امریکی جیولوجیکل سروے نے بتایا کہ وینزویلا میں پہلے 7.1 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے چند منٹ بعد 7.5 شدت کا دوسرا شدید جھٹکا محسوس کیا گیا۔ مقامی وقت کے مطابق شام 6 بجے آنے والے ان زلزلوں سے کئی علاقوں میں عمارتیں لرز اٹھیں اور شہری گھروں سے باہر نکل آئے۔

اطلاعات کے مطابق دارالحکومت کراکس سمیت مختلف شہروں میں متعدد عمارتیں منہدم ہو گئی ہیں، جبکہ ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ حکام کو خدشہ ہے کہ متاثرہ علاقوں میں ہلاکتوں کی تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔

وینزویلا کی قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگز نے اس قدرتی آفت کو قومی سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کئی رہائشی اور سرکاری عمارتیں شدید متاثر ہوئی ہیں۔ ان کے مطابق کراکس کے مرکزی مائی کیٹیا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو بھی نقصان پہنچا ہے، جس کے باعث فضائی آپریشن متاثر ہونے کا امکان ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک 167 افراد کی ہلاکت اور 970 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے، تاہم ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ملبہ ہٹانے کا عمل مکمل ہونے کے بعد نقصانات کی اصل تصویر سامنے آئے گی۔

حکومت نے ملک میں ہنگامی صورتحال نافذ کرتے ہوئے فوج، ریسکیو اداروں اور طبی ٹیموں کو متحرک کر دیا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان، ادویات اور عارضی پناہ گاہوں کی فراہمی کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب امریکا کی ریاست کیلیفورنیا کے شمالی علاقوں میں بھی 5.6 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد تقریباً 10 لاکھ افراد کے لیے احتیاطی الرٹ جاری کر دیا گیا۔

امریکی جیولوجیکل سروے نے خبردار کیا ہے کہ وینزویلا میں آنے والے شدید زلزلوں کے نتیجے میں جانی نقصان میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے۔ عالمی برادری بھی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ابتدائی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وینزویلا سے موصول ہونے والی رپورٹس حوصلہ افزا نہیں ہیں اور بڑے پیمانے پر جانی نقصان کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔ انہوں نے امریکی اداروں کو متاثرین کی فوری امداد کے لیے تیار رہنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں