بالی ووڈ اداکار سیف علی خان: بچوں کی مذہبی تربیت سے متعلق کھل کر اظہارِ

فہرستِ مضامین

بالی ووڈ کے معروف اداکار سیف علی خان نے کہا ہے کہ وہ اپنے بیٹوں تیمور علی خان اور جہانگیر علی خان کے ساتھ مذہب کے موضوع پر کھل کر بات کرتے ہیں اور انہیں وہی بنیادی اقدار سکھاتے ہیں جو انہیں اپنی والدہ سے ورثے میں ملی تھیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق لندن میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سیف علی خان نے بتایا کہ وہ خود کو بہت زیادہ مذہبی شخص نہیں سمجھتے، تاہم ان کی والدہ نے انہیں ہمیشہ یہ سبق دیا کہ خدا ایک ہے، اور یہی تعلیم وہ اپنے بچوں کو بھی دے رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی تعلیم ایسے اداروں میں ہوئی جہاں مختلف مذاہب، ان کی روایات اور تہواروں کا احترام کیا جاتا تھا۔ سیف کے مطابق اسکول میں دن کا آغاز چرچ میں عبادت سے ہوتا تھا۔ ایک مرتبہ انہوں نے یہ کہہ کر اس عبادت سے استثنا لینے کی کوشش کی کہ ان کا مذہب مختلف ہے، لیکن اسکول انتظامیہ نے ان کے لیے الگ سے ایک مولوی صاحب کا انتظام کر دیا، جس کے بعد ان کا عذر قبول نہ ہو سکا۔

اداکار کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ان کے بچے اپنی مذہبی روایات سے بھی جڑے رہیں، نماز ادا کریں، اور ساتھ ہی دیگر مذاہب کی عبادات اور تہواروں کا بھی احترام کریں۔ ان کے مطابق جس طرح دیوالی منائی جاتی ہے، اسی طرح کرسمس کی خوشیوں میں بھی شریک ہونا چاہیے۔

واضح رہے کہ سیف علی خان نے اپنی زندگی میں دو مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والی اداکاراؤں سے شادیاں کیں۔ ان کی موجودہ اہلیہ کرینہ کپور سے شادی 2012 میں ہوئی، جن سے ان کے دو بیٹے تیمور علی خان اور جہانگیر علی خان ہیں۔

اس سے قبل سیف علی خان نے 1991 میں اداکارہ امریتا سنگھ سے شادی کی تھی۔ اس شادی سے ان کے دو بچے، سارہ علی خان اور ابراہیم علی خان ہیں، تاہم دونوں کے درمیان 2004 میں علیحدگی ہوگئی تھی۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں