چار بار کی عالمی چیمپئن جرمنی کی فیفا ورلڈ کپ 2026 مہم غیر متوقع طور پر اختتام پذیر ہوگئی، جہاں پیراگوئے نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 3-4 سے کامیابی حاصل کر کے جرمن ٹیم کو ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔
مقررہ 90 منٹ اور اضافی وقت کے اختتام پر دونوں ٹیمیں 1-1 کی برابری پر تھیں، جس کے بعد مقابلے کا فیصلہ پہلی بار اس ورلڈ کپ میں پنالٹی ککس کے ذریعے ہوا۔
میچ کے پہلے ہاف میں 42ویں منٹ پر جولیو اینسیسو نے شاندار گول اسکور کر کے پیراگوئے کو برتری دلائی۔ تاہم دوسرے ہاف کے 54ویں منٹ میں جرمنی کے لیے انگلش کلب آرسنل سے وابستہ اسٹرائیکر کائی ہاورٹز نے ہیڈر کے ذریعے گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا۔
اضافی وقت میں جرمنی کو 102ویں منٹ پر برتری حاصل کرنے کا موقع ملا، جب جوناتھن ٹاہ نے گیند جال میں پہنچائی، لیکن ویڈیو اسسٹنٹ ریفری (VAR) نے جائزے کے بعد گول مسترد کر دیا۔ ریفری نے فیصلہ دیا کہ گول سے قبل والڈیمار انتون نے پیراگوئے کے گول کیپر کے خلاف فاؤل کیا تھا، جس کے باعث جرمنی کی امیدوں پر پانی پھر گیا۔
آخرکار پنالٹی شوٹ آؤٹ میں پیراگوئے نے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے 3-4 سے کامیابی سمیٹی اور جرمنی کو ورلڈ کپ 2026 سے حیران کن انداز میں باہر کر دیا۔