لاہور: کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے 14 بچے جاں بحق

فہرستِ مضامین

لاہور کے علاقے کاہنہ میں ایک افسوسناک حادثے میں ٹیوشن سینٹر کی چھت اچانک گرنے سے کم از کم 14 بچے جان کی بازی ہار گئے، جبکہ متعدد دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ ریسکیو ٹیمیں ملبہ ہٹانے اور متاثرین کو نکالنے کے لیے مسلسل امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

وزیر صحت پنجاب نے حادثے میں 14 بچوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے کے وقت ایک خاتون ٹیچر سمیت تقریباً 20 سے 25 بچے ٹیوشن سینٹر میں موجود تھے، جن میں زیادہ تر کم عمر طالب علم شامل تھے۔

ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کی اطلاع شام 4 بج کر 45 منٹ پر موصول ہوئی، جس کے بعد امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پہنچ گئیں۔ اب تک 5 سے 6 بچوں کو ملبے سے نکالا جا چکا ہے، تاہم خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

مقامی افراد کے مطابق جس عمارت میں حادثہ پیش آیا، وہاں صبح کے وقت اسکول چلتا ہے، جبکہ شام میں اسی مقام پر اکیڈمی اور ٹیوشن کلاسز منعقد کی جاتی تھیں۔ واقعے کے وقت بچے ٹیوشن لینے کے لیے موجود تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ عمارت کی بالائی منزل پر تعمیراتی کام جاری تھا، جبکہ گراؤنڈ فلور پر بچوں کی کلاس جاری تھی۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد مکان کے مالک سمیت دو افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں