بالی وڈ کے سپر اسٹار عامر خان نے اپنی قریبی دوست اور دیرینہ ساتھی گوری سپراٹ کے ساتھ خاموشی سے شادی کر لی ہے۔ بھارتی ذرائع کے مطابق یہ نجی تقریب اتوار کو ممبئی میں عامر خان کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی، جہاں دونوں نے اسپیشل میرج ایکٹ کے تحت اپنی شادی باقاعدہ رجسٹر کروائی۔
رپورٹس کے مطابق تقریب نہایت سادہ اور محدود پیمانے پر رکھی گئی تھی، جس میں صرف قریبی رشتہ داروں اور چند قریبی دوستوں کو مدعو کیا گیا۔ عامر خان کے بچے جنید، آئرہ اور آزاد بھی اس موقع پر موجود تھے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ عامر خان اور گوری سپراٹ ایک دوسرے کو تقریباً 25 برس سے جانتے ہیں، تاہم 2024 میں دوبارہ رابطہ ہونے کے بعد ان کے تعلقات میں مزید قربت آئی اور دونوں نے اپنی رفاقت کو ازدواجی بندھن میں بدلنے کا فیصلہ کیا۔
یاد رہے کہ عامر خان نے مارچ 2025 میں اپنی 60ویں سالگرہ کے موقع پر پہلی بار گوری سپراٹ کو عوام کے سامنے اپنی گرل فرینڈ کے طور پر متعارف کروایا تھا۔
یہ عامر خان کی تیسری شادی ہے۔ اس سے قبل وہ رینا دتا اور بعد ازاں فلم ساز کرن راؤ سے شادی کر چکے ہیں۔
گزشتہ چند روز سے عامر خان کی شادی سے متعلق خبریں بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر گردش کر رہی تھیں، جن کی اب باضابطہ طور پر تصدیق سامنے آ گئی ہے۔