صدر اردوان کی اسرائیل پر کڑی تنقید، دنیا کو فوری اقدام کا مطالبہ

فہرستِ مضامین

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں امن کو ہر قیمت پر برقرار رکھنا ہوگا اور کسی بھی ملک کو نئی جنگ چھیڑنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

ترکیہ کے صدارتی دفتر سے جاری بیان کے مطابق صدر اردوان نے واضح کیا کہ ان کا ملک خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی کوششوں کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کا حل طاقت کے استعمال میں نہیں بلکہ مذاکرات اور بات چیت میں ہے۔

صدر اردوان نے ایران اور امریکا کے درمیان اسلام آباد میں طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس پیش رفت نے نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا میں امید کی ایک نئی کرن پیدا کی ہے۔ ان کے مطابق اس معاہدے کے بعد عالمی برادری نے بھی سکھ کا سانس لیا اور یہ ثابت ہوا کہ پیچیدہ تنازعات کا حل مذاکرات کے ذریعے نکالا جا سکتا ہے۔

ترک صدر نے اسرائیل کے حالیہ اقدامات پر بھی سخت تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ اسرائیلی حکومت کی ہر پیش رفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور ایسے تمام اقدامات کی مخالفت کرتا ہے جو خطے کے امن کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔

رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حکومت کی مسلسل اشتعال انگیز پالیسیاں پورے خطے کو ایک مرتبہ پھر عدم استحکام کی طرف دھکیل سکتی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ بین الاقوامی برادری کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایسے اقدامات روکنے ہوں گے جو مشرقِ وسطیٰ کو دوبارہ جنگ، تباہی، بارود اور خونریزی کی لپیٹ میں لے آئیں۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ترکیہ خطے میں امن، استحکام اور سفارتی حل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا اور ہر ایسے اقدام کی حمایت کرے گا جو تنازعات کے پرامن حل اور علاقائی استحکام کو فروغ دے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں