رام مندر کرپشن اسکینڈل کیا ہے اور اس میں کون کون ملوث ہے؟

فہرستِ مضامین

بھارت کے شہر ایودھیا میں قائم رام مندر کے عطیات میں مبینہ طور پر کروڑوں روپے کی خرد برد کا معاملہ سامنے آنے کے بعد تحقیقات نے کئی حیران کن حقائق بے نقاب کر دیے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق عطیات گننے کے مرکز میں تعینات بعض ملازمین نے سکیورٹی نظام کی کمزوریوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مبینہ طور پر 2 سے 3 کروڑ روپے تک کی رقم غائب کر دی۔

رپورٹس کے مطابق شکایات موصول ہونے پر خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی گئی، جس نے عطیات کی گنتی کے عمل، سی سی ٹی وی ریکارڈ اور متعلقہ ملازمین سے تفتیش کی۔ تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ مبینہ خرد برد کا سلسلہ ابتدا میں معمولی رقم سے شروع ہوا لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ ایک بڑے مالیاتی اسکینڈل کی صورت اختیار کر گیا۔

ایس آئی ٹی کے مطابق عطیات گننے والے عملے کے چند ارکان پہلے اپنی جیبوں یا کپڑوں میں ایک یا دو پانچ سو روپے کے نوٹ چھپا کر باہر لے جاتے تھے۔ جب یہ عمل مسلسل کامیاب رہا اور کسی کو شک نہ ہوا تو ملزمان کے حوصلے بڑھتے گئے، جس کے بعد وہ نقد رقم کے بنڈل اور بڑی مقدار میں رقم مبینہ طور پر باہر منتقل کرنے لگے۔

تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ عطیات کی گنتی پر مامور چھ ملازمین نے ملازمت شروع کرنے کے چند ماہ بعد ہی مبینہ چوری کا سلسلہ شروع کیا۔ دورانِ تفتیش بعض ملزمان نے اعتراف کیا کہ وہ ابتدا میں معمولی رقم نکالتے رہے، تاہم بعد میں مبینہ طور پر کروڑوں روپے کی خرد برد کی گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ملزمان نے مجموعی طور پر تقریباً 2 سے 3 کروڑ روپے چرانے کا اعتراف کیا ہے۔ تحقیقات میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ سات ملزمان نے مبینہ طور پر اسی رقم سے ایودھیا اور دیگر علاقوں میں جائیدادیں خریدیں۔

ذرائع کے مطابق 4 اور 5 جون کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملزمان سے منسلک مختلف مقامات پر چھاپے مارے، جہاں سے تقریباً 79 لاکھ روپے نقد، سونا اور دیگر قیمتی زیورات برآمد کیے گئے، جبکہ بعد ازاں گرفتار افراد سے مزید نقد رقم بھی برآمد ہونے کا دعویٰ کیا گیا۔

خصوصی تحقیقاتی ٹیم کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ صرف مالی بدعنوانی تک محدود نہیں بلکہ اس نے عطیات کے تحفظ کے لیے قائم کیے گئے سکیورٹی نظام میں موجود سنگین خامیوں کو بھی بے نقاب کر دیا ہے۔ تحقیقات جاری ہیں جبکہ حکام نے سکیورٹی اور نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے بھی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں