بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر دہشتگردوں کے خلاف بڑا آپریشن کرتے ہوئے 19 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ کارروائی کے دوران وطن کا دفاع کرتے ہوئے 11 سکیورٹی اہلکار شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہوگئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن بلوچستان کی اہم شاہراہ این-25 پر جھاؤ کراس اور کرارو کے درمیانی علاقے میں کیا گیا، جہاں کالعدم تنظیم فتنۃ الہندوستان سے وابستہ دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران دہشتگردوں نے سکیورٹی فورسز پر شدید مزاحمت کی، جس کے نتیجے میں دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ آپریشن کے دوران 19 دہشتگرد مارے گئے جبکہ متعدد زخمی ہو کر فرار ہونے کی کوشش کرتے رہے، جن کی تلاش کے لیے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
سکیورٹی حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگرد مبینہ طور پر این-25 شاہراہ پر سفر کرنے والے مسافروں اور مقامی شہریوں سے بھتہ وصول کرنے اور علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے کی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز کے 11 جوان بھی جامِ شہادت نوش کر گئے۔ ذرائع کے مطابق شہداء نے دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور بڑی تباہی کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا۔
سکیورٹی ذرائع نے واضح کیا ہے کہ بلوچستان میں امن و امان کو سبوتاژ کرنے اور شاہراہوں پر دہشتگردی یا بھتہ خوری کی کسی بھی کوشش کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور صوبے میں امن کے قیام کے لیے دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بلوچستان کے امن کو یرغمال بنانے والے عناصر کے خلاف سکیورٹی فورسز پوری قوت کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھیں گی اور ریاست دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہر گروہ کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔