کراچی کی عالمی درجہ بندی پر ایم کیو ایم پاکستان کی پیپلز پارٹی پر شدید تنقید

فہرستِ مضامین

کراچی کو رہائش کے اعتبار سے دنیا کے بدترین شہروں میں شامل کیے جانے پر ایم کیو ایم پاکستان نے سندھ حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ عالمی ادارے اکانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ (EIU) کی تازہ رپورٹ میں کراچی کا دنیا کے 173 شہروں میں 170واں نمبر آنا سندھ حکومت کی کئی برسوں پر محیط ناقص کارکردگی کا واضح ثبوت ہے۔

ترجمان کے مطابق شہر میں ٹوٹی پھوٹی سڑکیں، جگہ جگہ جمع کچرے کے ڈھیر، پانی کا سنگین بحران، سیوریج کے مسائل، بدترین ٹریفک اور شہری سہولیات کی ابتر صورتحال اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ پیپلز پارٹی کراچی کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے کراچی کو بنیادی شہری سہولیات فراہم کرنے کے بجائے صرف اعلانات اور دعووں پر اکتفا کیا، جبکہ عملی اقدامات نہ ہونے کے باعث ملک کا سب سے بڑا شہر مسلسل تنزلی کا شکار ہوتا گیا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ اگر سندھ حکومت کراچی کی ترقی، انفراسٹرکچر کی بہتری، صفائی، ٹرانسپورٹ، صحت، تعلیم اور شہری سہولیات پر سنجیدگی سے کام کرتی تو آج شہر کو عالمی سطح پر اتنی کم درجہ بندی کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔

ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا تھا کہ کراچی ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، مگر اس کے باوجود شہر کے عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ پارٹی نے مطالبہ کیا کہ کراچی کے دیرینہ مسائل کے مستقل حل کے لیے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کا معیارِ زندگی بہتر بنایا جا سکے۔

واضح رہے کہ اکانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ (EIU) کی حالیہ عالمی رپورٹ میں رہائش کے معیار، صحت، تعلیم، انفراسٹرکچر، استحکام اور ماحول سمیت مختلف شعبوں کی بنیاد پر 173 شہروں کا جائزہ لیا گیا، جس میں کراچی کو 170ویں نمبر پر رکھا گیا ہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں