جنوبی افریقا، آئرلینڈ اور اب انگلینڈ کے ہاتھوں مسلسل شکستوں نے بھارتی کرکٹ ٹیم کو شدید بحران سے دوچار کر دیا ہے، جبکہ ناقص کارکردگی کے بعد ٹیم میں بڑی تبدیلیوں کی بازگشت سنائی دینے لگی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کے کوچنگ اسٹاف میں اہم رد و بدل کا امکان ہے، جہاں سپورٹ اسٹاف کے ایک اہم رکن کی چھٹی کیے جانے کی اطلاعات ہیں، جبکہ ایک اور رکن کے آئی پی ایل فرنچائز سے وابستہ ہونے کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق مسلسل ناکامیوں کے باعث بھارتی ٹیم کے ڈریسنگ روم کا ماحول بھی متاثر ہوا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کے بعد کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کے درمیان فاصلے بڑھ گئے ہیں، جبکہ گزشتہ کئی ماہ سے ٹیم کے اندرونی حالات خوشگوار نہیں رہے۔
ادھر سلیکشن کمیٹی اور کوچنگ اسٹاف کے درمیان اختلافات بھی سامنے آ رہے ہیں، جس کے باعث معاملات مزید پیچیدہ ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق انگلینڈ کے خلاف سیریز ختم ہونے کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد کرے گا، جس میں ٹیم کی مسلسل ناکامیوں اور کوچنگ اسٹاف کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
بی سی سی آئی کے سیکرٹری دیواجیت سائیکا بھی اس بات کا عندیہ دے چکے ہیں کہ ریویو میٹنگ میں شکستوں کی وجوہات کا باریک بینی سے تجزیہ کیا جائے گا اور مستقبل کے حوالے سے اہم فیصلے کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ بھارت پہلے جنوبی افریقا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں کلین سوئپ کا شکار ہوا، اس کے بعد آئرلینڈ نے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش کیا، جبکہ اب انگلینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی بھارت ابتدائی تینوں میچ ہار کر سیریز پہلے ہی گنوا چکا ہے، جس کے بعد بھارتی کرکٹ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کی قیاس آرائیاں زور پکڑ گئی ہیں۔