شہید سید علی خامنہ ای کے خون کا بدلہ ضرور لیا جائے گا، مجتبیٰ خامنہ ای

فہرستِ مضامین

ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ہے کہ شہید رہنما سید علی خامنہ ای اور حالیہ جنگ میں جان قربان کرنے والے تمام شہدا کے خون کا بدلہ ہر صورت لیا جائے گا، اور یہ وعدہ کسی بھی قیمت پر پورا کیا جائے گا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق اپنے تحریری بیان میں مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ ایران اپنے شہید سپریم لیڈر کے مشن اور نظریے پر ثابت قدم رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ جنگ میں شہید ہونے والے تمام افراد کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور ان کے خون کا انتقام لینا پوری ایرانی قوم کی مشترکہ خواہش اور عزم ہے۔

مجتبیٰ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ جن عناصر نے یہ جرائم کیے، ان کی شناخت ہو چکی ہے اور وہ انصاف سے بچ نہیں سکیں گے۔ انہوں نے سخت الفاظ میں کہا کہ ذمہ دار افراد اپنی نامکمل خواہشات کے ساتھ ہی دنیا سے رخصت ہوں گے اور انہیں اپنے انجام کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ایرانی سپریم لیڈر نے مزید کہا کہ چاہے وہ خود موجود ہوں یا نہ ہوں، شہدا کے خون کا بدلہ لینے کا وعدہ ضرور پورا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کے آزاد انسان اس مشن کی تکمیل میں اپنا کردار ادا کریں گے اور انصاف کے قیام تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔

مجتبیٰ خامنہ ای کے اس بیان کو ایران کی حالیہ پالیسی اور جنگ کے بعد اختیار کیے گئے سخت مؤقف کا تسلسل قرار دیا جا رہا ہے، جس میں ایرانی قیادت مسلسل یہ مؤقف اختیار کر رہی ہے کہ شہدا کے خون کا حساب لیا جائے گا اور ذمہ داروں کو انجام تک پہنچایا جائے گا۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں