امریکا نے وعدے پورے نہ کیے تو معاہدے کی پابندی نہیں کریں گے: ایران

فہرستِ مضامین

امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر خطرناک موڑ اختیار کر گئی ہے۔ تہران نے واضح کردیا ہے کہ اگر واشنگٹن جنگ کے خاتمے سے متعلق اپنے وعدوں پر عمل نہیں کرتا تو ایران بھی دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت (MoU) کی مزید پابندی نہیں کرے گا۔

تہران میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران کشیدگی کو مزید بڑھنے سے روکنے کے لیے قطر، پاکستان اور عمان کی ثالثی میں ہونے والے سفارتی رابطوں میں شریک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ثالث ممالک خطے میں امن برقرار رکھنے اور دونوں فریقوں کے درمیان تناؤ کم کرنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

دوسری جانب ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے اردن، بحرین اور کویت میں موجود امریکی فوجی اڈوں اور تنصیبات کو میزائلوں اور ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق حملوں میں اردن کا پرنس حسن ایئربیس، بحرین میں امریکی ڈرون کمانڈ سینٹر اور کویت کا علی السالم ایئربیس سمیت متعدد فوجی مقامات شامل تھے۔

حملوں کے بعد بحرین میں صورتحال کشیدہ ہوگئی، جہاں وزارتِ داخلہ نے دوسری بار میزائل حملے کے سائرن بجا دیے۔ حکام نے شہریوں اور غیر ملکی رہائشیوں کو محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام پرسکون رہیں اور سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔

ادھر امریکا کی جانب سے ایران پر فضائی حملوں کے نئے مرحلے کے آغاز کے بعد ایران نے آبنائے ہرمز بند کرنے کا اعلان بھی کیا، جبکہ خلیجی خطے کی جانب میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے۔

تازہ کشیدگی کی ایک بڑی وجہ آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں پر ہونے والے حملے بھی بنے، جہاں ایک جہاز میں آگ لگنے کے بعد عملے کو اسے سمندر میں ہی چھوڑنا پڑا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق ان حالیہ واقعات نے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے ہونے والے عبوری معاہدے کو شدید نقصان پہنچایا ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد تقریباً ختم ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جنگ بندی کے خاتمے کے اعلان کے بعد قطر، پاکستان اور عمان سمیت ثالث ممالک سفارتی کوششیں تیز کر چکے ہیں تاکہ خطے کو ایک بڑی جنگ سے بچایا جا سکے، تاہم موجودہ صورتحال میں کسی فوری پیش رفت کے امکانات کم دکھائی دے رہے ہیں۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں