“آبنائے ہرمز کا محافظ امریکا ہوگا”، ٹرمپ کا بڑا اعلان، ایران کو سخت پیغام

فہرستِ مضامین

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز سے متعلق بڑا بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے کی جانے والی ناکہ بندی صرف ایرانی بحری جہازوں اور ان ممالک کو متاثر کرے گی جو ایران کے ساتھ تجارت جاری رکھیں گے، جبکہ امریکا خطے میں آزاد بحری آمدورفت کو یقینی بنائے گا اور دنیا امریکا کو “آبنائے ہرمز کا محافظ” کے نام سے جانے گی۔

اپنے تازہ بیان میں امریکی صدر نے کہا کہ امریکا عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے اس اہم سمندری راستے کو ہر صورت محفوظ رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایران نے بین الاقوامی جہاز رانی میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تو اس کے نتائج خود ایران اور اس کے اتحادیوں کو بھگتنا ہوں گے۔

ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران کی حالیہ پابندیاں عالمی برادری کے خلاف نہیں بلکہ درحقیقت ایرانی بحری جہازوں اور ان کے تجارتی شراکت داروں کے لیے مشکلات پیدا کریں گی، کیونکہ بین الاقوامی بحری راستوں کے تحفظ کی ذمہ داری امریکا اور اس کے اتحادی ادا کرتے رہیں گے۔

امریکی صدر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران نے امریکی فضائی حملوں کے بعد آبنائے ہرمز بند کرنے کا اعلان کیا ہے اور خلیجی خطے میں کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے۔ ایران کا مؤقف ہے کہ جب تک امریکا خطے میں اپنی فوجی مداخلت ختم نہیں کرتا، آبنائے ہرمز کو دوبارہ نہیں کھولا جائے گا۔

ادھر عالمی ماہرین کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین تجارتی گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں سے دنیا کی تقریباً 20 فیصد تیل اور گیس کی ترسیل ہوتی ہے۔ اس راستے میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ عالمی معیشت، تیل کی قیمتوں اور بین الاقوامی تجارت پر گہرے اثرات مرتب کر سکتی ہے۔

امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث خلیجی خطے میں فوجی سرگرمیاں بھی تیز ہوگئی ہیں، جبکہ کئی ممالک نے اپنے دفاعی نظام کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔ دوسری جانب عالمی برادری دونوں ممالک پر زور دے رہی ہے کہ وہ کشیدگی کم کرنے اور سفارتی مذاکرات کی طرف واپس آئیں تاکہ خطے کو مزید بڑے تصادم سے بچایا جا سکے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں