ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا اردن کے عوام سے امریکی فوجی اڈوں کے خلاف آواز اٹھانے کی اپیل

فہرستِ مضامین

تہران: ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے اردن کے عوام سے براہِ راست مخاطب ہوتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین پر قائم امریکی فوجی اڈوں کے خاتمے کے لیے مؤثر آواز بلند کریں۔

جاری کیے گئے بیان میں پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا کہ ایران نے آج اردن میں موجود اس امریکی فضائی اڈے کو نشانہ بنایا جہاں سے ایران کے خلاف فوجی کارروائیاں کی جاتی رہی ہیں۔ بیان کے مطابق جنگ کے پہلے روز انہی اڈوں سے ہونے والے حملوں میں ایرانی شہر میناب میں 186 بچوں اور اساتذہ کی جانیں گئیں۔

پاسدارانِ انقلاب نے کہا کہ ایران کی کارروائی امریکی حملوں کا جواب تھی اور اس کا ہدف صرف امریکی فوجی تنصیبات تھیں۔ بیان میں واضح کیا گیا کہ ایران کو اردن یا اس کے عوام سے کوئی دشمنی نہیں بلکہ اردنی عوام کے لیے احترام کا جذبہ رکھتا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اردن کے عوام فلسطینیوں کی مشکلات اور ان پر ہونے والے مظالم کو دیگر اقوام کے مقابلے میں بہتر انداز میں سمجھتے ہیں۔ پاسدارانِ انقلاب نے اسرائیل پر غزہ میں بڑے پیمانے پر فلسطینیوں، خصوصاً بچوں، کے قتل عام کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائیاں امریکی حمایت کے بغیر ممکن نہیں تھیں۔

ایرانی فورسز نے اردنی عوام سے اپیل کی کہ وہ امریکی فوجی اڈوں کے خاتمے کے مطالبے کو مضبوط کریں۔ ان کے مطابق اگر اردن میں امریکی فوجی موجودگی کا خاتمہ ہوتا ہے تو اس سے فلسطینی عوام کی حمایت، خطے میں کشیدگی میں کمی اور امن کے قیام میں مدد مل سکتی ہے۔

پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان کے اختتام پر کہا کہ ایران اردن کے استحکام، خودمختاری اور ترقی کا خواہاں ہے اور اردنی عوام کے بہتر مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں