نیویارک: پاکستان نے سعودی عرب پر حوثیوں کی جانب سے کیے گئے بیلسٹک میزائل حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے یمن کی تازہ صورتحال سے متعلق ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کو نشانہ بنانے والی حالیہ میزائل کارروائیوں کی شدید مذمت کرتا ہے اور ہر اس اقدام کی مخالفت کرتا ہے جو خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی اور دفاع کے معاملے پر اس کے ساتھ کھڑا ہے، جبکہ یمن کی خودمختاری، آزادی، قومی اتحاد اور علاقائی سالمیت کی بھی مکمل حمایت کرتا ہے۔
عثمان جدون نے زور دیا کہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے طاقت کے استعمال کے بجائے مذاکرات، سفارت کاری اور تحمل کا راستہ اپنانا ناگزیر ہے۔ ان کے مطابق یمن کا دیرپا اور پائیدار امن صرف ایک جامع سیاسی عمل اور تمام فریقوں کے درمیان بامعنی مذاکرات سے ہی ممکن ہے۔
دوسری جانب غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے بتایا کہ حوثیوں نے سعودی عرب کے جنوبی علاقے کی جانب متعدد بیلسٹک میزائل داغے، تاہم سعودی فضائی دفاعی نظام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام میزائل فضا ہی میں تباہ کر دیے۔
ادھر حوثی گروپ نے ان حملوں کو سعودی عرب کی جانب سے صنعاء ایئرپورٹ پر کی گئی فضائی کارروائیوں کا ردعمل قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر حملے جاری رہے تو اس کے مزید نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔