اسرائیل امریکی سیاست پر اثرانداز ہوتا ہے، امریکی نائب صدر کا دعویٰ

فہرستِ مضامین

واشنگٹن: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ اسرائیل امریکا میں عوامی حمایت کھوتا جا رہا ہے اور عوامی رائے کے میدان میں اسے واضح مشکلات کا سامنا ہے۔

امریکی پوڈکاسٹر جو روگن کو دیے گئے انٹرویو میں جے ڈی وینس نے کہا کہ اسرائیل امریکا کا اہم اتحادی ہے، تاہم وہ امریکی سیاسی معاملات پر اثرانداز ہونے کی کوشش بھی کرتا ہے۔

انٹرویو کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا اسرائیل واقعی امریکی سیاست پر اثر ڈالنے کی کوشش کرتا ہے؟ تو نائب صدر نے جواب دیا کہ “جی ہاں، اور اس حوالے سے اسرائیل دیگر کئی ممالک کے مقابلے میں زیادہ مؤثر کردار ادا کرتا ہے۔”

جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ اس وقت اسرائیل امریکا میں عوامی تائید کی جنگ ہار رہا ہے، جو ان کے بقول ایک واضح حقیقت ہے۔

دوسری جانب رواں سال مارچ میں سامنے آنے والے ایک امریکی سروے کے مطابق اسرائیل کے لیے عوامی حمایت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ سروے میں صرف 32 فیصد امریکیوں نے اسرائیل کے بارے میں مثبت رائے دی، جبکہ 39 فیصد نے منفی رائے کا اظہار کیا۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ چند برسوں کے دوران امریکی عوام کے رویے میں نمایاں تبدیلی آئی ہے، جس میں سب سے زیادہ کمی ڈیموکریٹک پارٹی کے حامیوں اور آزاد ووٹرز میں دیکھی گئی۔

اعداد و شمار کے مطابق 2013 میں جہاں 34 فیصد ڈیموکریٹس اسرائیل کی حمایت کرتے تھے، وہ شرح اب کم ہو کر صرف 17 فیصد رہ گئی ہے، جبکہ نوجوان امریکیوں میں بھی اسرائیل مخالف جذبات میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں