برطانیہ میں حکمران لیبر پارٹی نے نئی قیادت کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت اینڈی برنہم بلا مقابلہ پارٹی کے نئے سربراہ منتخب ہو گئے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق وہ پیر کے روز باقاعدہ طور پر برطانیہ کے نئے وزیراعظم کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
رپورٹس کے مطابق موجودہ وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر پیر کو شاہ چارلس کو اپنا استعفیٰ پیش کریں گے، جس کے بعد اینڈی برنہم 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ منتقل ہوں گے اور اپنی نئی کابینہ کا اعلان کریں گے۔
اپنے پہلے ردعمل میں اینڈی برنہم نے کہا کہ ان کی اولین ترجیح برطانیہ کو ترقی اور استحکام کی نئی سمت دینا ہے۔ انہوں نے سر کیئر اسٹارمر کی پارٹی اور ملک کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ لیبر پارٹی مکمل طور پر متحد ہے اور یہی اتحاد آئندہ عوام کے سامنے اس کی سب سے بڑی طاقت بن کر سامنے آئے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پارٹی کی قیادت سنبھالنے اور مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔
واضح رہے کہ سر کیئر اسٹارمر نے گزشتہ ماہ پارٹی قیادت چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔ 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا تھا کہ پارٹی کے بارے میں مسلسل یہ تاثر دیا جا رہا تھا کہ وہ کمزور ہو چکی ہے، اسی لیے انہوں نے پارٹی کی خواہش کا احترام کرتے ہوئے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا۔
کیئر اسٹارمر نے اس موقع پر یہ بھی یقین دلایا تھا کہ وہ نئی حکومت کو اقتدار کی پرامن اور منظم منتقلی یقینی بنانے کے لیے اپنے جانشین کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔
یاد رہے کہ کیئر اسٹارمر کی قیادت میں لیبر پارٹی نے جولائی 2024 کے عام انتخابات میں تاریخی کامیابی حاصل کی تھی، جس کے نتیجے میں 14 برس سے اقتدار میں موجود کنزرویٹو پارٹی کی حکومت کا خاتمہ ہوا اور لیبر پارٹی دوبارہ برسرِ اقتدار آئی۔