میامی: فٹبال ورلڈ کپ کے تیسرے نمبر کے مقابلے میں انگلینڈ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرانس کو 4 کے مقابلے میں 6 گول سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ اپنے نام کر لیا۔
میامی میں کھیلے گئے اس سنسنی خیز مقابلے میں انگلینڈ کے کپتان ہیری کین سمیت ٹیم میں سات تبدیلیاں کی گئیں، تاہم اس کے باوجود انگلش ٹیم نے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپنایا۔
میچ کے تیسرے ہی منٹ میں ڈیکلن رائس نے گول کرکے انگلینڈ کو برتری دلائی۔ اس کے بعد کونسا نے 18ویں منٹ، بُکایو ساکا نے 37ویں منٹ اور پہلے ہاف کے اضافی وقت میں ایک اور گول کرکے اپنی ٹیم کی برتری 0-4 کر دی۔
دوسرے ہاف میں فرانس نے واپسی کی بھرپور کوشش کی۔ کائیلین ایم باپے نے پہلا گول اسکور کیا، اس کے بعد بارکولا نے دوسرا جبکہ ایم باپے نے اپنا دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول کرکے مقابلہ دلچسپ بنا دیا۔
انگلینڈ کو ملنے والی پنالٹی پر بُکایو ساکا نے گول کرتے ہوئے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی اور ٹیم کا پانچواں گول اسکور کیا۔ فرانس کی جانب سے چوتھا گول عثمان دیمبیلے نے کیا، تاہم میچ کے آخری لمحات میں جوڈ بیلنگھم نے انگلینڈ کے لیے چھٹا گول کرکے فتح پر مہر ثبت کر دی۔
یوں انگلینڈ نے 4-6 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ورلڈ کپ میں تیسری پوزیشن حاصل کر لی، جبکہ اس مقابلے میں مجموعی طور پر 10 گول اسکور کیے گئے، جو ورلڈ کپ کی تاریخ کے تیسرے پوزیشن کے میچ میں سب سے زیادہ گول ہونے کا نیا ریکارڈ بھی بن گیا۔