واشنگٹن: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور ان کی اہلیہ اوشا وینس کے ہاں اتوار کے روز بیٹے کی پیدائش ہوئی، جس کے بعد دونوں نے اپنے نومولود کا نام ایلیک نیل وینس رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق یہ ایک تاریخی لمحہ بھی ہے، کیونکہ گزشتہ 150 سال سے زائد عرصے میں پہلی بار کسی موجودہ امریکی نائب صدر کی اہلیہ نے اپنے شوہر کے منصب پر فائز ہونے کے دوران بچے کو جنم دیا ہے۔
اس سے قبل 1870 میں اس وقت کے امریکی نائب صدر شوائلر کولفیکس کی اہلیہ نے ان کے عہدہ سنبھالنے کے دوران بچے کو جنم دیا تھا۔
جے ڈی وینس اور اوشا وینس کے خاندان میں اس سے قبل بھی تین بچے شامل ہیں، جن کے نام ایون، وویک اور میرا بیل ہیں۔ نومولود بیٹے کی آمد کے بعد خاندان میں خوشیوں کا اضافہ ہو گیا ہے۔
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ باقاعدہ طویل رخصت لینے کا ارادہ نہیں رکھتے، تاہم اپنے سرکاری شیڈول کو اس انداز میں ترتیب دیں گے تاکہ اپنے نومولود بیٹے اور اہلِ خانہ کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گزار سکیں۔