انصار اللہ کے ترجمان کے مطابق سعودی عرب کے خلاف بحری ناکا بندی کا فیصلہ یمن پر جاری محاصرے کے ردعمل میں کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صنعا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی بندش کسی صورت قابل قبول نہیں، اور اگر یمن پر پابندیاں برقرار رہیں گی تو اس کا جواب بھی اسی نوعیت کی کارروائی سے دیا جائے گا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ یمن پر عائد محاصرہ ختم کیا جانا چاہیے، بصورت دیگر جوابی اقدامات جاری رہیں گے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل حوثیوں نے سعودی عرب پر صنعا ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے کا الزام لگاتے ہوئے سخت ردعمل کی دھمکی دی تھی۔
اس کے بعد حوثی فورسز نے سعودی عرب کی جانب میزائل حملے کیے، تاہم سعودی حکام کے مطابق ان حملوں کو فضائی دفاعی نظام نے ناکام بنا دیا۔
دوسری جانب برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کے بعد پاکستان نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایران کو واضح پیغام دیا کہ سعودی عرب کی سلامتی پاکستان کے لیے ایک اہم معاملہ ہے، اور اس پر کسی بھی حملے کو پاکستان اپنی سلامتی سے جوڑ کر دیکھے گا۔