ٹرمپ کی ایران کو دھمکی، ایک امریکی فوجی کے بدلے بھاری قیمت چکانا ہوگی

فہرستِ مضامین

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کسی بھی امریکی فوجی کو نشانہ بنایا گیا تو اس کا جواب کئی گنا زیادہ طاقت سے دیا جائے گا۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف ڈینیئل کین اور امریکی فوج کو واضح ہدایات دے دی ہیں کہ امریکی اہلکاروں پر حملے کا بھرپور جواب دیا جائے۔

پینٹاگان کی تصدیق، ایرانی حملوں میں 3 امریکی فوجی ہلاک

ادھر امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگان) نے تصدیق کی ہے کہ گزشتہ ہفتے شمالی عراق اور اردن میں ایرانی حملوں کے دوران تین امریکی فوجی ہلاک ہوئے۔

امریکی میڈیا کے مطابق اردن میں حملے کے مقام سے ملنے والے کچھ ناقابل شناخت انسانی اعضا کی جانچ جاری ہے، جس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

نیتن یاہو کی گرفتاری نہیں ہونے دوں گا، ٹرمپ کا اعلان

ایک اور بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ وہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کو امریکا آمد پر کسی بھی صورت گرفتار نہیں ہونے دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو ایران کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں، جبکہ ایران کئی دہائیوں سے امریکی فوجیوں اور دیگر افراد پر حملوں میں ملوث رہا ہے۔

گرفتار وہ ہوں جنہوں نے ایران کو طاقت دی، ٹرمپ

امریکی صدر نے مزید کہا کہ احتساب ان افراد کا ہونا چاہیے جنہوں نے ایران کو اس مقام تک پہنچنے دیا۔ ان کے بقول، اگر ماضی میں بروقت فیصلے کیے جاتے تو آج یہ صورتحال پیدا نہ ہوتی۔

ظہران ممدانی کے بیان کے بعد ردعمل

واضح رہے کہ ٹرمپ کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب نیویارک کے میئر ظہران ممدانی نے کہا تھا کہ اگر بنیامین نیتن یاہو نیویارک آئے تو ان کی گرفتاری کے قانونی امکانات کا جائزہ لیا جا سکتا ہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں